پاکستان کی تبدیلی کے حوالے سے تیسری اور آخری بات بہت بھاری دل کے ساتھ کہہ رہا ہوں. بھارت میں ہندو مت کا احیاء بڑی تیزی سے ہو رہا ہے. ایودھیا کی مسجد گرانے کے لیے بھارت کے طول و عرض سے جو تین لاکھ کارکن پہنچے ‘ ان کے ڈسپلن کایہ عالم تھا کہ ہندوستان کے کونے کونے سے آئے مگر مسلمانوں کو کہیں بھی گزند نہ پہنچایا. یہ کام ڈسپلن کے بغیر ممکن نہیں. نرے ہجوم کو قابو میں نہیں رکھا جا سکتا. یہ اعلیٰ تربیت یافتہ اور منظم کارکن تھے. ان کا بس ایک ہی مقصد تھا‘ بابری مسجد کو منہدم کرنا. وہ گرائی اور واپس چلے گئے. فسادات جو ہوئے بعد میں ہوئے‘ جب مسلمانوں نے احتجاجی تحریک چلائی.

میں یہ حقائق چھ سال کے عرصے سے بتا رہا ہوں کہ آر ایس ایس میں ۲۵ لاکھ کارکن موجود ہیں. ان سب کا مقصد اسلام اور پاکستان کا خاتمہ ہے. حال ہی میں ان کے تیسرے گرو ’’دیو داس‘‘ نے ہندوستان کی تمام ہندو سماجی‘ علمی‘ سیاسی اور غیرسیاسی تنظیموں کو ایک سرکلر بھیجا ہے. اس میں اس نے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم ہندوستان کی زمین کو مسلمانوں کی نجاست سے پاک کر دیں. اس گرو نے مزید لکھا ہے کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اگر کچھ ردّ عمل ہو گا تو وہ صرف پاکستان اور بنگلہ دیش میں ہو گا جس کی ہمیں پرواہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے‘ باقی پورے عالم اسلام میں کہیں ردعمل نہیں ہو گا. اس نے یہ الفاظ استعمال کیوں کیے ہیں کہ ’’میں آپ کو یقین دلاتا ہوں‘‘؟… اس لیے کہ ایودھیا کی مسجد کی تہدیم پر پورے عالم اسلام میں ان دو ممالک… پاکستان اوربنگلہ‘دیش… کے علاوہ کہیں کوئی ردِّ عمل نہیں ہوا. کسی مسلمان ملک نے یہ تک نہیں کہا کہ مسجد دوبارہ تعمیر کرو ورنہ ہم تمہارے ساتھ تجارتی تعلقات منقطع کردیں گے. سفارتی تعلقات توڑنا تو دور کی بات ہے‘ اگر صرف امارات‘ سعودی عرب اور کویت کی یہ دھمکی آ جاتی کہ ہم تجارتی تعلق منقطع کر رہے ہیں تو بھارت کے ہوش ٹھکانے آ جاتے.

یہ ہے تیسری صورت جو بدترین ہو گی!
ایک طرف تو ہندو مت کا تیزی سے احیاء ہو رہا ہے اور دوسری طرف صورت حال یہ ہے کہ ہم بدترین انتشار کا شکار ہیں.تازہ الیکشن 
(۱۸میں دینی‘ مذہبی سیاسی جماعتوں کا جو حشر ہوا وہ ہم سب کے سامنے ہے. لیکن کوئی پتا نہیں کہ تاریخ ایک دفعہ پھر اپنے آپ کو دہرا دے کہ ہندو قوم کے ہاتھوں ہم کو تو تہس نہس کرا دیا جائے‘ لیکن اللہ تعالیٰ ان کو اسلام لانے کی توفیق عطا کر دے ؎

ہے عیاں یورشِ تاتار کے افسانے سے
پاسباں مل گئے کعبے کو صنم خانے سے!