ابھی ہم نے جس حدیث کے مفاہیم و معانی اور مطالب کو سمجھا ہے اس میں تو نبی اکرم نے صحابہ کرامؓ سے بطور وصیت چند ہدایات ارشاد فرمائیں.اب میں ایک دوسری حدیث پیش کر رہا ہوں جو ایک اصول کے اعتبار سے دُور کے زمانے سے متعلق ہے ‘یعنی جب وہ دَور آئے کہ اُمت میں فساد رونما ہو چکا ہو‘ بدعات کے ہجوم میں سنت گم ہو گئی ہو‘ اُس وقت مسلمان کیا رویہ اختیار کریں؟ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا زمانہ تو وہ تھا کہ جس میں سنت ایک خورشید تاباں کے مانند نصف النہار پر چمک رہی تھی‘لیکن ایک دَور ایسا بھی آ سکتا ہے کہ سنت بدعات میں گم ہو جائے‘ بدعات کا اتنا انبار ہو کہ اس میں تلاش کرنا مشکل ہو جائے کہ سنت کیا ہے؟ اس دَور کے متعلق ایک حدیث بیان کی جاتی ہے جس کے راوی حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہماہیں:

مَنْ تَمَسَّکَ بِسُنَّتِیْ عِنْدَ فَسَادِ اُمَّتِیْ فَلَہٗ اَجْرُ مِائَۃِ شَھِیْدٍ (۱)
’’جب میری اُمت میں فسادِ عمومی ظاہر ہو چکا ہو‘ اُس وقت جو شخص میری سنت کو مضبوطی سے تھامے رہے گاتو اس کے لیے سو شہیدوں کا اجر ہے.‘‘

اب ان دونوں حدیثو ں کو سامنے رکھیے اور بات سمجھنے کی کوشش کیجیے. سنت کا لفظ ہمارے ہاں ایک فقہی اصطلاح کے طور پر بھی آتا ہے. فقہی تقسیم اس طرح ہے کہ تعبدی اُمور میں فلاں کام فرائض ہیں‘ فلاں سنت ہیں‘ فلاں کام نوافل اور فلاں کام مستحبات ہیں. پھر سنن کی تقسیم اس طرح کی گئی ہے کہ یہ سنت مؤکدہ ہے اور یہ غیر مؤکدہ .اسی طرح چند معاشرتی و تمدنی آداب کو سنت قرار دیا جاتا ہے اور جب بھی لفظ ’’سنت‘‘ بولا جاتا ہے تو یہی تصور سامنے آجاتا ہے. یہ بالکل دوسری تقسیم ہے. اس قسم کی جزوی سنتوں کا جب ذکر ہوتا ہے تو احادیث کا اندازِ بیان عموماً یہ ہوتا ہے کہ انہیں ’’مِنْ سُنَّتِیْ‘‘ سے تعبیر کیا جاتا ہے. جیسے: اَلنِّکَاحُ مِنْ سُنَّتِیْ (۲’’نکاح میری سنت میں سے ہے‘‘. اور: اَرْبَعٌ مِنْ سُنَنِ الْمُرْسَلِیْنَ : اَلتَّعَطُّرُ وَالنِّکَاحُ وَالسِّوَاکُ وَالْحَیَاءُ (۳’’چار چیزیں انبیاء و رُسل ( علیہم السلام)کی سنتوں میں سے ہیں : عطر لگانا‘ نکاح کرنا‘ مسواک کرنا اور حیا اختیار کرنا‘‘. جبکہ لفظ ’’سنت‘‘ ایک اصطلاحِ دینی‘ ایک وحدت اور مجموعی اعتبار سے بولا جائے گا تو اس کا مفہوم ہو گانبی اکرم کا طریقہ‘ آپؐ کا طرزِ عمل‘ بحیثیت مجموعی زندگی کے معمولات میں نبی اکرم کا قائم کردہ توازن. یعنی وہ نسبت و تناسب جو آنحضرت نے معمولاتِ زندگی کے مابین برقرار رکھا.