اللہ تعالیٰ جزائے خیر عطا فرمائے صدر مؤسس مرکزی انجمن خدام القرآن لاہور اور بانی ٔ تنظیم اسلامی محترم ڈاکٹر اسرار احمد حفظہ اللہ کو جنہوں نے اِس دور میں قرآن حکیم کی اس حیثیت کو بڑے وسیع پیمانے پر عام کیا ہے کہ یہ کتاب اپنی دیگر امتیازی حیثیتوں کے ساتھ ساتھ محمد رسول اللہﷺ کا آلۂ انقلاب اور آپؐ کے برپا کردہ انقلاب کے مختلف مراحل کے لیے بمنزلۂ مینول (manual) بھی ہے‘ لہذا اس کا مطالعہ آنحضورﷺ کی دعوت و تحریک اور انقلابی جدوجہد کے تناظر میں کیا جانا چاہیے اور اس کے قاری کو خود بھی ’’منہج انقلابِ نبویؐ ‘‘ پر مبنی انقلابی جدوجہد میں شریک ہونا چاہیے. بصورتِ دیگر وہ قرآن حکیم کے معارف کے بہت بڑے خزانے تک رسائی سے محروم رہے گا. محترم ڈاکٹر صاحب پر اللہ تعالیٰ کا یہ خصوصی فضل و احسان ہے کہ اُس نے انہیں اپنی کتابِ عزیز کی خدمت کے لیے چن لیا ہے. چنانچہ محترم ڈاکٹر صاحب نے نہ صرف اپنی زندگی قرآن حکیم کے علم و حکمت کی نشرو اشاعت کے لیے وقف کر رکھی ہے‘ بلکہ انہوں نے قرآن حکم کے پیغام کی روشنی میں ’’دینی فرائض کے جامع تصور‘‘ کی ادائیگی کے لیے تنظیم اسلامی کے نام سے ایک قافلہ بھی تشکیل دیا ہے.
پیش نظر کتاب ’’تعارفِ قرآن‘‘ محترم ڈاکٹر صاحب کے چند خطابات کا مجموعہ ہے‘ جسے مرتب کرنے کی سعادت راقم الحروف کے حصے میں آئی ہے. راقم کی شدید خواہش ہے کہ محترم ڈاکٹر صاحب کے شہرۂ آفاق ’’دورۂ ترجمۂ قرآن‘‘ کو بھی مرتب کر کے تحریری صورت میں پیش کر سکے. چنانچہ اللہ کے نام سے اس کا آغاز کر دیا گیا ہے. اس عظیم کام کے لیے یہ عاجز اللہ تعالیٰ سے اُس کی تائید و توفیق اور عزم و ہمت کا طلب گار ہے.
حافظ خالد محمود خضر
فروری ۲۰۰۶ ء
مدیر شعبہ مطبوعات