اگلی بحث قرآن حکیم کے اسماء وصفات کی ہے. علامہ جلال الدین سیوطی ؒ نے اپنی شہرۂ آفاق کتاب ’’الاتقان فی علوم القرآن‘‘ میں قرآن حکیم کے اسماء و صفات قرآن حکیم ہی سے لے کر پچپن (۵۵) ناموں کی فہرست مرتب کی ہے. میں نے جب اس پر غور کیا تو اندازہ ہوا کہ وہ بھی کامل نہیں ہے ‘مثلاً لفظ ’’برہان‘‘ ان کی فہرست میں شامل نہیں ہے. درحقیقت قرآن مجید کی صفات‘ اس کی شانوں اور اس کی تاثیر کے لیے مختلف الفاظ کو جمع کیا جائے تو ۵۵ ہی نہیں اس سے زیادہ الفاظ بن جائیں گے‘ لیکن میں نے انہیں دو حصّوں میں تقسیم کیا ہے. ایک تووہ الفاظ ہیں جو مفرد کی حیثیت سے اور معرفہ کی شکل میں قرآن مجید میں قرآن کے لیے وارد ہوئے ہیں‘جبکہ کچھ صفات ہیں جو موصوف کے ساتھ آ رہی ہیں.مثلاً ’’قرآن مجید‘‘ میں ’’مجید‘‘ قرآن کا نام نہیں ہے‘ درحقیقت صفت ہے. اسی طرح ’’القرآن المجید‘‘ میں اگرچہ ’’الف لام‘‘ کے ساتھ ’’المجید‘‘ آتا ہے‘ لیکن یہ چونکہ موصوف کے ساتھ مل کر آیا ہے لہذا یہ بھی صفت ہے. 

قرآن مجید کے لیے جو الفاظ بطور اسم آئے ہیں‘ ان میں سے اکثر و بیشتر وہ ہیں جن کے ساتھ لام تعریف لگا ہوا ہے. قرآن کے لیے اہم ترین نام جو اس کا امتیازی اور اختصاصی (The exclusive) نام ہے ’’القرآن‘‘ ہے. (میں بعد میں اس کی وضاحت کروں گا). اس کے بعد کثرت سے استعمال ہونے والا نام ’’الکتاب‘‘ ہے. قرآن کی اصل حقیقت پر روشنی ڈالنے والا اہم ترین نام ’’الذکر‘‘ ہے.قرآن مجید کی افادیت کے لیے سب سے زیادہ جامع نام ’’الہدیٰ‘‘ ہے. قرآن مجید کی نوعیت اور حیثیت کے اعتبار سے اہم ترین نام ’’النور‘‘ ہے.قرآن مجید کی ایک انتہائی اہم شان جو ایک لفظ کے طور پر آئی ہے ’’الفرقان‘‘ ہے. یعنی (حق و باطل میں) فرق کر دینے والی شے‘ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی جدا کر دینے والی شے. قرآن کا ایک نام ’’الوحی‘‘ بھی آیا ہے: قُلۡ اِنَّمَاۤ اُنۡذِرُکُمۡ بِالۡوَحۡیِ ۫(الانبیاء:۴۵. اسی طرح ’’کلام اللہ‘‘ کا لفظ بھی خود قرآن میں آیا ہے : حَتّٰی یَسۡمَعَ کَلٰمَ اللّٰہِ (التوبۃ:۶چونکہ یہاں کلام مضاف واقع ہوا ہے‘ لہذا یہ بھی معرفہ بن گیا. میرے نزدیک جنہیں ہم قرآن کے نام قرارد دیں‘ وہ تو یہی بنتے ہیں. اگرچہ‘جیسا کہ میں نے عرض کیا‘ جو لفظ بھی قرآن کے لیے صفت کے طور پر یااس کی شان کو بیان کرنے کے لیے قرآن میں آ گیا ہے علامہ جلال الدین سیوطی نے اس کو فہرست میں شامل کر کے ۵۵ نام گنوائے ہیں‘ لیکن یہ فہرست بھی مکمل نہیں.

قرآن کریم کی مختلف شانوں اور صفات کے لیے یہ الفاظ آئے ہیں:

(۱کَرِیۡمٌ : اِنَّہٗ لَقُرۡاٰنٌ کَرِیۡمٌ ﴿ۙ۷۷﴾ (الواقعۃ) (۲الۡحَکِیۡمِ : یٰسٓ ۚ﴿۱﴾وَ الۡقُرۡاٰنِ الۡحَکِیۡمِ ۙ﴿۲﴾ (یٰسٓ) (۳الۡعَظِیۡمَ : وَ لَقَدۡ اٰتَیۡنٰکَ سَبۡعًا مِّنَ الۡمَثَانِیۡ وَ الۡقُرۡاٰنَ الۡعَظِیۡمَ ﴿۸۷﴾ (الحجر) (۴مَّجِیۡدٌ اور الۡمَجِیۡدِ: بَلۡ ہُوَ قُرۡاٰنٌ مَّجِیۡدٌ ﴿ۙ۲۱﴾ (البروج) اور قٓ ۟ۚ وَ الۡقُرۡاٰنِ الۡمَجِیۡدِ ۚ﴿۱﴾ (قٓ) (۵الۡمُبِیۡنِ: حٰمٓ ۚ﴿ۛ۱﴾وَ الۡکِتٰبِ الۡمُبِیۡنِ ۙ﴿ۛ۲﴾ (الزخرف) (۶رَحۡمَۃٌ:ہُدًی وَّ رَحۡمَۃٌ لِّلۡمُؤۡمِنِیۡنَ ﴿۵۷﴾ (یونس) (۷عَلِیٌّ : وَ اِنَّہٗ فِیۡۤ اُمِّ الۡکِتٰبِ لَدَیۡنَا لَعَلِیٌّ حَکِیۡمٌ ؕ﴿۴﴾ (الزخرف) (۸بَصَآئِرُ : قَدۡ جَآءَکُمۡ بَصَآئِرُ مِنۡ رَّبِّکُمۡ ۚ (الانعام:۱۰۴(۹۱۰بَشِیۡرًا وَّ نَذِیۡرًا: (حٰم السجدۃ:۴[اگرچہ یہ الفاظ انبیاء کے لیے آتے ہیں لیکن یہاں خود قرآن کے لیے بھی آئے ہیں. قرآن اپنی ذات میں فی نفسہٖ بشیر بھی ہے‘ نذیر بھی ہے] (۱۱بُشۡرٰی: وَّ بُشۡرٰی لِلۡمُسۡلِمِیۡنَ (النحل:۸۹۱۰۲(۱۲عَزِیۡزٌ : وَ اِنَّہٗ لَکِتٰبٌ عَزِیۡزٌ ﴿ۙ۴۱﴾ (حٰم السجدۃ) (۱۳بَلٰغٌ : ہٰذَا بَلٰغٌ لِّلنَّاسِ (ابراھیم:۵۲(۱۴بَیَانٌ: ہٰذَا بَیَانٌ لِّلنَّاسِ (آل عمران:۱۳۸(۱۵مَّوۡعِظَۃٌ (۱۶شِفَآءٌ : قَدۡ جَآءَتۡکُمۡ مَّوۡعِظَۃٌ مِّنۡ رَّبِّکُمۡ وَ شِفَآءٌ لِّمَا فِی الصُّدُوۡرِ (یونس:۵۷(۱۷اَحۡسَنَ الۡقَصَصِ: نَحۡنُ نَقُصُّ عَلَیۡکَ اَحۡسَنَ الۡقَصَصِ (یوسف:۳(۱۸اَحۡسَنَ الۡحَدِیۡثِ (۱۹مُّتَشَابِہ (۲۰مَّثَانِیَ: اَللّٰہُ نَزَّلَ اَحۡسَنَ الۡحَدِیۡثِ کِتٰبًا مُّتَشَابِہًا مَّثَانِیَ (الزمر:۲۳(۲۱مُبٰرَکٌ: کِتٰبٌ اَنۡزَلۡنٰہُ اِلَیۡکَ مُبٰرَکٌ (ص:۲۹(۲۲مُصَدِّقٌ (۲۳مُہَیۡمِنٌ: مُصَدِّقًا لِّمَا بَیۡنَ یَدَیۡہِ مِنَ الۡکِتٰبِ وَ مُہَیۡمِنًا عَلَیۡہِ (المائدۃ:۴۸(۲۴قَیِّم: قَیِّمًا لِّیُنۡذِرَ بَاۡسًا شَدِیۡدًا مِّنۡ لَّدُنۡہُ (الکہف:۲)

یہ مختلف الفاظ ہیں جو قرآن حکیم کی مختلف شانوں کے لیے آئے ہیں. جیسا کہ اللہ تعالیٰ کے ننانوے (۹۹) نام ہیں ‘ جو اس کی مختلف شانوں کو ظاہر کرتے ہیں‘ اسی طرح حضور کے ناموں کی فہرست بھی آپ نے پڑھی ہو گی. آپ کی مختلف شانیں ہیں ‘ اس کے اعتبار سے آپ بشیر بھی ہیں‘ نذیر بھی ہیں‘ ہادی بھی ہیں‘ معلم بھی ہیں. قرآن مجید کے بھی مختلف اسماء و صفات ہیں.