تقریر نمبر۴: ابتدائی طویل مدنی سورتوں کا دوسرا جوڑا

ُقرآن مجید کی ابتدائی چار طویل مدنی سورتوں کا دوسرا جوڑا سورۃ النساء اور سورۃ المائدۃ پر مشتمل ہے اور ان دونوں کے مابین سورۃالبقرۃاور سورۃ آلِ عمران کی طرح صوری و معنوی دونوں قسم کی مشابہتیں موجود ہیں. چنانچہ معنوی مشابہتوں کے ضمن میں دونوں میں ایک طرف تو گویا شریعت ِ اسلامی کی تکمیل ہو گئی ہے اور سورۃ النساء میں عائلی اور خاندانی سطح پر اور سورۃ المائدۃ میں معاشرتی و ملی سطح پر مسلمانوں کی حیاتِ اجتماعی کے ضمن میں تکمیلی ہدایات دے دی گئی ہیں‘ اور دوسری طرف یہود ونصاریٰ سے بھی آخری باتیں ہو گئی ہیں اور ظاہری مشابہتوں کے ضمن میں نمایاں ترین چیزیں یہ ہیں کہ دونوں کا آغاز بھی بلا تمہید ہوا ہے ‘یعنی نہ حروفِ مقطعات آئے ہیں نہ اور کوئی تمہیدی کلام‘ بلکہ خطاب کا آغاز براہِ راست: یٰۤاَیُّہَا النَّاسُ اور یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوا کے الفاظ سے ہو گیاہے. اور اسی طرح دونوں کا اِختتام بھی نہایت سادگی سے ہو گیاہے. ایک اور مشابہت جو قدرے غور کرنے پر نظر آتی ہے‘یہ ہے کہ اِن دونوں کو سورۃ البقرۃ اور سورۂ آلِ عمران کی طرح نصف نصف میں تقسیم کرنا ممکن نہیں ہے ‘بلکہ اِن میں مضامین باہم زیادہ گتھے ہوئے ہیں.