سورۃالفاتحہ سمیت قرآن مجید کی پانچویں اور ابتدائی چار طویل مدنی سورتوں کے گروپ کی چوتھی اور آخری سورت سورۃ المائدۃ ظاہری اور معنوی دونوں اعتبارات سے زیادہ قریبی مشابہت تو رکھتی ہے سورۃ النساء سے‘لیکن بحیثیت مجموعی اس پورے گروپ کے مشترک مضامین اس سورۂ مبارکہ میں تکمیل اور اِتمام کو پہنچ گئے ہیں. چنانچہ اس میںایک طرف تو شریعت اسلامی کا وہ قصرِ عظیم پایۂ تکمیل کو پہنچ گیا ہے جس کا ابتدائی خاکہ سورۃ البقرۃمیں تیار ہوا تھا اور جس میں خصوصاً گھریلو زندگی سے متعلق احکام کے ضمن میں مزید تفصیلی رنگ سورۃ النساء میں بھرا گیاتھا. یہی وجہ ہے کہ اس سورت میں شہنشاہ ِ ارض و سما کا وہ اہم فرمان بھی وارد ہو گیا کہ:

اَلۡیَوۡمَ اَکۡمَلۡتُ لَکُمۡ دِیۡنَکُمۡ وَ اَتۡمَمۡتُ عَلَیۡکُمۡ نِعۡمَتِیۡ وَ رَضِیۡتُ لَکُمُ الۡاِسۡلَامَ دِیۡنًا ؕ (آیت ۳)
’’آج میں نے تمہارے لیے تمہارے دین کی تکمیل فرما دی اور تم پر اپنی نعمت کا اِتمام فرما دیا اور تمہارے لیے اسلام کو بطورِ دین پسند (اور قبول )فرما لیا.‘‘

اور شریعت عطا کرنے کے بعد جس طرح سابقہ اُمتوں سے اُس کی پابندی کا پختہ عہدوپیمان لیا جاتا تھا اسی طرح اُمت محمد علیٰ صاحبہا الصلوٰۃ والسلام سے بھی لیا گیا اور اس طرح اس سورت نے گویا ’’سورۂ میثاق‘‘ کی حیثیت اختیار کرلی‘ اور اس کا انتہائی موزوں عنوان قرار پایا ایفائے عہد کا حکم. یعنی: 
یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡۤا اَوۡفُوۡا بِالۡعُقُوۡدِ ؕ (آیت۱’’اے اہل ایمان! پورے کیا کرو جملہ عہد وپیمان (اور قول و قرار).‘‘

دوسری طرف اہل کتاب کو دعوت و ملامت اور اُن پر فی الجملہ اتمامِ حجت کے ضمن میں بھی جو طویل مباحث پچھلی تینوں سورتوں میں آئے تھے اُن پر آخری مہر اِس سور ت میں ثبت فرما دی گئی اور یہ مضمون بھی اس سورت میں تکمیل کو پہنچ گیا.

ان دو بنیادی موضوعات کے علاوہ جو مدنی سورتوں کے اس گروپ کے لیے بمنزلۂ ٔعمود ہیں‘ دوسرے اہم مضامین بھی جو پچھلی سورتوں میں آئے‘اس سورت میں تکمیلی رنگ میں موجود ہیں. مثلاً شہادتِ حق اور اُس کے دُنیوی و اُخروی پہلو‘جہاد فی سبیل اللہ اور اس سے جی چرانے والے منافقین کو تنبیہہ و ملامت‘ اور عقائد و ایمانیات کے اساسی مباحث اور حکمت و معرفت کے قیمتی موتی.

اس ابتدائی تعارف کے بعد آیئے کہ اس سورت کے مضامین کا تفصیلی جائزہ لیں. اس ضمن میں یہ وضاحت پہلے کی جا چکی ہے کہ سورۃ النساء کی طرح اس سورت میں بھی مضامین ایک مضبوط بٹی ہوئی رسّی کے مانند گتھے ہوئے ہیں‘ بالکل علیحدہ علیحدہ حصوں میں منقسم نہیں ہیں.