شرائع سماویہ کی اساسی تعلیمات

سورۂ بنی اسراء یل کے تیسرے اور چوتھے رکوع کے مانند اس سورۂ مبارکہ کے انیسویں رکوع میں بھی ان اساسی تعلیمات کا خلاصہ بیان کر دیا گیا ہے جو تمام آسمانی شریعتوں کا جزوِ لاینفک رہی ہیں .

(۱) اللہ کے ساتھ کسی کو کسی بھی اعتبار سے شریک نہ کرو!
(۲) والدین کے ساتھ نیک سلوک کرو!
(۳) اپنی اولاد کو مفلسی کے خوف سے قتل نہ کرو‘ہم ہی تمہیں بھی رزق دیتے ہیں اور ان کو بھی دیں گے!
(۴) بے حیائی کے کاموں کے قریب بھی نہ پھٹکو‘خواہ وہ کھلے ہوں یا چھپے!
(۵) کسی کو ناحق قتل نہ کرو!
(۶) یتیم کے مال کے قریب نہ جاؤ ‘مگر احسن طریق پر‘یہاں تک کہ وہ بالغ ہو جائے!
(۷) ناپ تول پورا کرو‘حتی الامکان کامل عدل کے ساتھ!
(۸) جب بات کہو انصاف کی کہو خواہ معاملہ کسی رشتہ داری کا کیوں نہ ہو!
(۹) اللہ کے عہد کو پورا کرو!
(۱۰) آخری اور اہم ترین یہ کہ یہی ہے میرا سیدھا رستہ‘تو اسی کی پیروی کرو اور دوسری پگڈنڈیوں پر مت چلو کہ وہ تمہیں اس کے راستے سے ہٹا کر پراگندہ کر دیں. اور یہ ہیں وہ باتیں جن کی ہدایت تمہارے ربّ نے تمہیں فرمائی ‘تاکہ تم اُس کے غضب سے بچ سکو.