پیش لفظ

’’منہج انقلاب نبوی  ‘‘ کا یہ تازہ ایڈیشن بہت سی امتیازی خصوصیات کا حامل ہے. جدید کمپیوٹر کمپوزنگ اور دیدہ زیب رنگین سرورق کے اضافے سے جہاں اس کے حسن ظاہری میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے وہاں بعض اعتبارات سے اس کے معنوی حسن میں اضافے کی بھرپورکوشش کی گئی ہے.

یہ کتاب چونکہ اصلاً امیر تنظیم اسلامی ڈاکٹر اسرار احمد مدظلہٗ کے کم و بیش گیارہ خطابات کا مجموعہ ہے اور محترم ڈاکٹر صاحب کا معمول یہ ہے کہ وہ ہر خطاب کے آغاز میں مضمون کے تسلسل اور ربط کو قائم کرنے کی خاطر سابقہ خطابات کے مضامین کا اجمالاً اعادہ بھی بیان فرماتے ہیں، چنانچہ اس تکرار کے نتیجے میں خطاب کی طوالت بڑھ جاتی ہے. کتاب کے سابقہ ایڈیشنز ان خطابات کو تکرار و اعادہ سمیت شائع کیا جاتا رہا ہے جس کا ذکر صاحبِ کتاب نے اپنے ’’مقدمہ‘‘ میں بھی فرمایا ہے… کتاب کے زیر نظر ایڈیشن میں ان خطابات کی ازسرنو ایڈیٹنگ کرتے ہوئے ان مکررات اور زوائد کو حتی الامکان حذف کرنے کی کوشش کی گئی ہے جو تقریر کا تو شاید حسن شمار ہوتے ہوں لیکن تحریر میں ان کی موجودگی قارئین کی طبیعت کو مکدر کرنے کا باعث بنتی ہے. ہم یہ دعویٰ تو نہیں کرتے کہ اب اس پہلو سے یہ کتاب خامیوں سے مکمل طور پر پاک ہو چکی ہے، لیکن یہ ضرور کہہ سکتے ہیں کہ پہلے کے مقابلے میں اب یقینا یہ بہتر صورت میں آپ کے ہاتھوں میں ہے.

ناظم مکتبہ مرکزی انجمن خدام القرآن
۱۹؍ /مارچ ۱۹۹۹ء