اِقدام کے فیصلے کی اہمیت اور نزاکت

کسی انقلاب کے لیے راست اِقدام (Active Resistance) کا فیصلہ بہت اہم اور نازک (Crucial + Critical) ہوتا ہے. اگر راست اِقدام کا فیصلہ قبل از وقت ہو جائے گا تو دنیوی اعتبار سے انقلاب ناکام ہو جائے گا. اگر تعداد مُعْتَدبہ (۱نہیں ہے، اگر تربیت خام رہ گئی ہے تو دنیوی ناکامی کا سامنا ہو گا. جیسے کشتہ میں اگر ایک آنچ کی کسر رہ گئی تو بعض اوقات یہی ذرا سی آنچ کی کسر تباہ کن ہو جاتی ہے اوروہ کشتہ مقویٔ جسم و جاں بننے کی بجائے ہلاکت کا باعث بن سکتا ہے. اسی طرح اگر تربیت میں خامی اور کمی رہ گئی اور قبل از وقت اِقدام کر دیا گیا تو ناکامی ہو جائے گی، خواہ خلوص و اخلاص کا کتنا ہی ذخیرہ اس جدوجہد کے پیچھے موجود ہو. لہذا یہ بڑا نازک لمحہ ہوتا ہے اور اس کے صحیح یا غلط ہونے پر انقلاب کے کامیاب یا ناکام ہونے کا دارومدار ہوتا ہے.