اب لفظ ’’بِرَّ ‘‘ پر غور کیجیے جس کے معنی کو ہم نے نیکی کے لفظ سے تعبیر کیا ہے‘لیکن اس لفظ کی اصل روح کیا ہے‘اور نیکی سے اس کی مناسبت کیا ہے‘اِن امور پر گہرے غوروفکر کی ضرورت ہے.اس کے حروفِ اصلیہ ہیں: ’’ب . ر. ر‘‘.اسی مادے سے لفظ ’’بِرّ‘‘ بنا ہے اور اسی سے ایک دوسرا لفظ ’’بَر‘‘ بنا ہے.چنانچہ’’بحرو بر‘‘اردو میں عام طور پر مستعمل ہے اور تمام اردودان جانتے ہیں کہ بَر کے معنی خشکی کے ہیں. لفظ ’’بِر‘‘ اور ’’ بَر‘‘ میں جو قدرِ مشترک ہے پہلے اس کو سمجھ لیجیے.انسان جب سمندر میں ہوتا ہے تو ہچکولے لگتے ہیں‘سمندری طوفان کا اندیشہ رہتا ہے اور انسان کو ایک تشویش لاحق رہتی ہے. اسے وہ اطمینان و سکون حاصل نہیں ہوتا جو خشکی پر ہوتا ہے‘لیکن انسان جب ساحل پر اترتا ہے اور جیسے ہی اس کے پاؤں بَر(خشکی) پر لگتے ہیں اطمینان و سکون کی ایک کیفیت اسے فی الفور حاصل ہو جاتی ہے.یہی اطمینان و سکون اس لفظ کی اصل روح اور جان ہے.میں یہ عرض کر چکا ہوں کہ انسان کے وہ اعمال جو اسے قلبی سکون عطا کرتے ہیں‘جو ضمیر کی خلش کو مٹاتے ہیں‘جو تسکینِ باطنی کا موجب ہوتے ہیں‘انہی کو ہم نیکی کے عنوان سے منسوب کرتے ہیں.انگریزی کی ایک نظم میں جس کا عنوان ’’Charity‘‘ ہے‘یہ تصور اور تخیّل بڑی عمدگی سے بیان ہوا ہے :

.Charities that soothe and heal and bless
.Are scattered over the feet of men like flowers
.No mystery is here no special boon
.For the high and not for the low
.The smoke ascends as high from the hearth of a humble cottage
.As from that of a haughty palace 

’’وہ تمام نیکیاں اور بھلائیاں جو سکون بخشتی ہیں اور زخموں کو مندمل کرتی ہیں اور رحمت کا باعث بنتی ہیں‘انسان کے قدموں پر پھولوں کی طرح بکھری ہوئی ہیں. اس معاملے میں نہ کوئی راز کی بات ہے اور نہ ہی کسی پر خصوصی نوازش و کرم‘بلکہ ان کا معاملہ بالکل اس دھوئیں کی مانند ہے جو کسی غریب کی کٹیا کے چولہے سے بھی اسی طرح بلند ہوتا ہے جیسے کسی مغرور انسان کے محل کے آتشدان سے!‘‘

گویا نیکی میں‘خیر میں‘ بھلائی میں‘خدمتِ خلق میں ایک عجیب تسکین بخش کیفیت ہوتی ہے‘بالکل ایسی جیسے کہ کسی زخم پر مرہم کا پھایا رکھ دیا جائے.چنانچہ یہی قدرِ مشترک ہے 
’’بِرّ‘‘ اور ’’بَرّ‘‘ کے مابین!