پیش لفظ بر طبع اوّل

از قلم : شیخ جمیل الرحمن مرحوم

نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم 
پندرہویں صدی ہجری کے پہلے ربیع الاوّل میں پاکستان ٹیلی ویژن نے قومی نشریاتی رابطہ پر یکم تا ۱۲؍ربیع الاول۱۴۰۱ھ ’’رسولِ کامل ‘‘ کے عنوان سے بارہ روزہ پروگرام پیش کیا.جس میں ڈاکٹر اسرار احمد صاحب نے نبوت کی اصل غرض و غایت ‘ رسول اکرم کی سیرتِ طیبہ کے مختلف گوشوں اور خصوصیت کے ساتھ آپؐ کی حیاتِ طیبہ کے انقلابی پہلو اور خلافت علیٰ منہاج النبوۃ کو موضوع بحث بنایا. اور قلت وقت کے باوجود پندرہ پندرہ منٹ کے اندر ان موضوعات کو اختصار لیکن جامعیت کے ساتھ بیان فرمایا.

یہ بارہ تقاریر ٹیپ سے تحریری شکل میں منتقل کر کے اس عاجز نے انہیں اوّلا قسط وار ماہنامہ ’’میثاق‘‘ کی اکتیسویں جلد (جنوری ۱۹۸۲ء تا دسمبر ۱۹۸۲ء)میں شائع کیا اور اب انہیں افادۂ عام کے لیے کتابی شکل میں شائع کیا جا رہا ہے. اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے توقع ہے کہ ’’رسولِ کاملؐ ‘‘ سیرتِ مطہرہ کے اہم گوشوں پر طائرانہ نظر کے اعتبار سے بے انتہا مفید ثابت ہو گی.

احقر جمیل الرحمن عفی عنہ
٭٭٭
پس نوشت (بموقع طبع ہشتم)
زیر نظر کتاب کا پہلا ایڈیشن ۱۹۸۳ء میں شائع ہوا تھا. گزشتہ بیس برسوں کے دوران اس کے متعدد ایڈیشن شائع ہوئے. کتاب کے اس تازہ ایڈیشن کی طباعت کے موقع پر نہ صرف یہ کہ نئی کمپیوٹر کمپوزنگ کرائی گئی ہے بلکہ عبارت پر نظر ثانی کرتے ہوئے نوک پلک کو مزید سنوارنے کی بھی کوشش کی گئی ہے.

ناظم نشرو اشاعت
۲۶ جولائی ۲۰۰۲ء