معلوم ہوا کہ اب ہم پھر اسی مقام پر پہنچ گئے جہاں سے ہم نے سفرکا آغاز کیا تھا. اس آیۂ مبارکہ میں گویا سورۃ العصر اپنے جملہ مضامین کے ساتھ پھر ہمارے سامنے آگئی. اس لیے کہ وہاں نجات کی شرطِ اوّل تھی ایمان‘ یہاں خطاب ہوا ہے : یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوا ’’اے اہلِ ایمان!‘‘ کے الفاظ سے. وہاں ایمان کے فوراً بعد وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ کی شرط مذکور تھی. یہاں اسی عملِ صالح نے ارۡکَعُوۡا وَ اسۡجُدُوۡا وَ اعۡبُدُوۡا رَبَّکُمۡ وَ افۡعَلُوا الۡخَیۡرَ کے الفاظ میں چار اوامر کی شکل اختیار کر لی. ’’رکوع کرو‘ سجدہ کرو‘ بندگی کرو اپنے ربّ کی اور تمہارا عمل خیر پر مبنی ہو جائے‘‘. البتہ ’’وَ افۡعَلُوا الۡخَیۡرَ ‘‘ کو اس کے وسیع تر مفہوم میں لیجیے جیسے کہ حضورﷺ نے فرمایا: خَیْرُ النَّاسِ مَنْ یَّنْفَعُ النَّاسِ کہ لوگوں میں بہتر وہی ہے جو لوگوں کو فائدہ پہنچا رہا ہو‘ جس سے لوگوں کو نفع پہنچ رہا ہو.اب ظاہر بات ہے کہ نفع صرف دنیا کا نفع ہی تو نہیں ہے.
یہ نفع کا نہایت محدود تصور ہے اور اگر فی الواقع آنکھیں کھل گئی ہوں‘ حقیقت منکشف ہو گئی ہو‘ آخرت کا علم انسان کو حاصل ہو گیا ہو‘ تو اب ’’نفع‘‘ کا مفہوم بدل جائے گا. اب انسان کو نظر آئے گا کہ اصل نفع تو آخرت کا نفع ہے. اصل جیت وہاں کی جیت اور اصل ہار وہاں کی ہار ہے. سورۃ التغابن میں ہم پڑھ چکے : ذٰلِکَ یَوۡمُ التَّغَابُنِ ’’وہ ہے ہار اور جیت کے فیصلے کا دن‘‘. جو اُس روز نفع میں رہا وہ حقیقتاً نفع میں رہا اور جو اُس روز گھاٹے میں قرار دیا گیا وہی ہے اصل میں گھاٹا پانے والا!