جہاد کا مقصد اوّلین : فریضۂ شہادت علی الناس

بہرحال یہ شہادت علی الناس‘ یہ ابلاغ و تبلیغ دین‘ یہ دعوت اِلی اللہ کا فریضہ ادا کرنا یہ ہے جہاد فی سبیل اللہ کی غایت ِ اولیٰ اور مقصد اوّلین! یہ ہے وہ فرضِ منصبی جس کی ادائیگی کے لیے بڑی محنت اور کوشش کرنی ہو گی‘ اس کے لیے جان و مال اور اوقات کا ایثار کرنا ہو گا. خلق خدا پر خدا کی طرف سے اتمامِ حجت کا حق تبھی ادا کیا جا سکے گا کہ وہ یہ نہ کہہ سکے کہ اے اللہ تیرا پیغام ہم تک پہنچایا ہی نہیں گیا! یہ ہے وہ مقصد عظیم جس کے لیے اس شد و مدّ کے ساتھ اس آیت میں جہاد کی تاکید کی گئی.

وَ جَاہِدُوۡا فِی اللّٰہِ حَقَّ جِہَادِہٖ ؕ