البتہ قرآن حکیم کی سورتوں کی ایک گروپ بندی اور بھی ہے جس کی جانب ماضی قریب ہی میں بعض محققین کی نگاہ گئی ہے. انہو ں نے قرآن حکیم میں اس حقیقت کا مشاہدہ کیا کہ مکی اور مدنی سورتوں کو کچھ اس طرح آپس میں جوڑا گیا ہے‘ اکٹھا کیا گیا ہے کہ اس سے سات گروپ وجود میں آگئے ہیں. اس اجمال کی تفصیل یہ ہے کہ قرآن حکیم کی سورتوں کے ہر گروپ کا آغاز ایک یا ایک سے زائد مکی سورتوں سے ہوتا ہے اور اس کا اختتام ایک یا ایک سے زائد مدنی سورتوں پر ہوتا ہے‘ اور اس طرح مکی اور مدنی سورتیں مل کر ایک گروپ کو مکمل کرتی ہیں. ایک گروپ کے مکمل ہونے پر آپ دیکھیں گے کہ دوسرا گروپ شروع ہوگا‘ پھر آغاز میں مکیات آئیں گی اور اُن کے بعد پھر مدنیات. اور اس طرح دوسرا گروپ مکمل ہو جائے گا. پھر تیسرے گروپ کا آغاز بھی ایک یا ایک سے زائد مکی سورتوں سے ہو گا ‘جن کے بعد پھر مدنی سورتیں آئیں گی اور گروپ مکمل ہو جائے گا. اس طرح مکی اور مدنی سورتوں کے بھی سات ہی گروپ سامنے آتے ہیں. ان میں سے ہر گروپ کا ایک مرکزی مضمون ہے جو اس گروپ میں شامل مکی اور مدنی سورتوں میں قدرِ مشترک کی حیثیت رکھتا ہے. یا یوں کہیے کہ ہر گروپ کا ایک مرکزی خیال یا ایک عمود (central axis) ہوتا ہے جس کے ساتھ اس گروپ کی تمام مکی اور مدنی سورتیں مربوط ہوتی ہیں.
اس طرح سے قرآن مجید کی سورتوں کے جو سات گروپ وجود میں آئے ہیں ان میں سے پہلے گروپ میں مکی سورۃ صرف ایک ہے‘ یعنی سورۃ الفاتحہ‘ جبکہ اس گروپ میں چار انتہائی طویل مدنی سورتیں شامل ہیں‘ یعنی البقرۃ‘ آل عمران‘ النساء اور المائدۃ. دوسرا گروپ اس اعتبار سے متوازن ہے کہ اس میں دو مکی سورتیں اور دو ہی مدنی سورتیں شامل ہیں. سورۃ الانعام اور سورۃ الاعراف مکی ہیں اور سورۃ الانفال اور سورۃ التوبۃ مدنی ہیں. تیسرے گروپ کی مکیات کا سلسلہ بہت طویل ہے جو گیارہویں پارے میں سورۂ یونس سے شروع ہو کر اٹھارہویں پارے تک چلا گیا ہے . اس کے بعد ایک مدنی سورۃ آتی ہے‘ یعنی سورۃ النور‘ اور اس پر گروپ مکمل ہو جاتا ہے. پھر مکیات کا سلسلہ اٹھارہویں پارے میں سور ۃ الفرقان سے شروع ہو کر بائیسویں پارے تک چلا گیا ہے‘ جس کے بعد سورۃ الاحزاب مدنی سورۃ ہے جس پر چوتھا گروپ مکمل ہوتا ہے. اس طرح سے مکیات اور مدنیات پر مشتمل قرآن حکیم کی سورتوں کے سات گروپ وجود میں آتے ہیں اور ان میں ایک معنوی تقسیم بھی نظر آتی ہے کہ ہر گروپ کا اپنا ایک مرکزی مضمون ہے جس کی تکمیل اس گروپ میں شامل مکی اور مدنی سورتیں مل کر کرتی ہیں.