ان سورتوں میں کچھ چیزیں قدرِ مشترک کی حیثیت رکھتی ہیں. اور چونکہ مطالعہ ٔ قرآن حکیم کے اس منتخب نصاب میں مکمل سورتوں کی سب سے بڑی تعداد اسی گروپ سے متعلق ہے‘ لہذا اس نصاب کے مضامین کی تفہیم کے لیے اس گروپ میں شامل سورتوں کے مشترک امور کو سمجھ لینا مفید ہو گا. اس سے پہلے اس گروپ کی دو سورتیں ہم پڑھ چکے ہیں . منتخب نصاب کے حصہ دوم میں‘ جو مباحث ِ ایمان پر مشتمل ہے‘ ہم نے سورۃ التغابن کا مطالعہ کیا تھا جو اس گروپ میں شامل ہے. اسی طرح حصہ سوم میں اعمالِ صالحہ کی تفصیل کے ضمن میں عائلی زندگی اور اس سے متعلق اہم ہدایات پر مشتمل سورۃ التحریم کا ہم مطالعہ کر چکے ہیں جو اس گروپ کی آخری سورۃ ہے. اب اس مرحلہ پر اسی گروپ کی دو مزید سورتوں یعنی سورۃ الجمعہ اور سورۃ الصف کا مطالعہ ہم کرنے والے ہیں. مزید برآں اس منتخب نصاب کے آخری حصے میں ہمیں سورۃ الحدید کا مطالعہ کرنا ہے جس سے اس گروپ کی مدنی سورتوں کا آغاز ہوتا ہے. لہذا مناسب معلوم ہوتا ہے کہ اس مرحلے پر ان سورتوں کے بارے میں بعض بنیادی باتیں ذہن نشین کر لی جائیں ‘تاکہ ہر مرحلے پر ان کے تکرار و اعادہ کی ضرورت نہ رہے.