سورۃ الصف اور سورۃ الجمعہ کے بعد مطالعۂ قرآن حکیم کے ہمارے اس منتخب نصاب کے حصہ چہارم کا آخری درس سورۃ المنافقون پر مشتمل ہے. حسنِ اتفاق سے زیرِ نظر منتخب نصاب میں بھی یہ سورتیں اسی ترتیب سے شامل کی گئی ہیں جس ترتیب سے یہ مصحف میں وارد ہوئی ہیں‘ یعنی پہلے سورۃ الصف‘ پھر سورۃ الجمعہ اور پھر سورۃ المنافقون. اس ترتیب میں بڑی معنویت پنہاں ہے ‘ اس لیے کہ نفاق درحقیقت نتیجہ ہے جہاد فی سبیل اللہ سے کنی کترانے اور اس سے دامن بچانے کا. یہی وجہ ہے کہ نفاق کی حقیقت ‘اس کا اصل سبب‘ اس کا نقطۂ آغاز‘ اس کی علامات‘ اس کے مدارج و مراتب‘ اس کی ہلاکت خیزی اور اس کے ساتھ ساتھ اس سے بچنے کی تدابیر‘ بلکہ کہیں اگر اس کی چھوت لگ گئی ہو تو اس کے علاج اور معالجے کی تدابیر‘ ان بہت سے موضوعات پر مشتمل یہ سورۃ مصحف میں بھی سورۃ الصف اور سورۃ الجمعہ کے بعد وارد ہوئی ہے اور ہمارے اس منتخب نصاب میں بھی یہ تینوں سورتیں اسی ترتیب سے شامل ہیں.