خلق خدا ہم پر الزام دھرے گی کہ اے اللہ! یہ تھے تیرے دین کے علمبردار‘ یہ تھے تیرے کلام کے امین اور حامل‘ انہوں نے نہ صرف یہ کہ ہم تک اسے نہیں پہنچایا بلکہ خود بھی اس پر عمل نہیں کیا‘ یہ اپنے وجود سے خود دین کے لیے ایک حجاب اور رکاوٹ بن گئے . جارج برنارڈ شا کا مشہور قول ہے کہ میں جب قرآن پڑھتا ہوں تو مجھے محسوس ہوتا ہے کہ اس سے بہتر کتاب اور کوئی ممکن نہیں‘ لیکن جب میں مسلمانوں کو دیکھتا ہوں تو مجھے محسوس ہوتا ہے کہ ان سے زیادہ ذلیل قوم کا تصور نہیں کیا جا سکتا یہ ہے وہ عملی شہادت جو مسلمان اپنے وجود سے‘ اپنے حال سے دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں.