جہاد و قتال فی سبیل اللہ کی غایت قصویٰ

جہاد و قتالِ فی سبیل اللہ کے موضوع پر قرآن حکیم کی جامع ترین سورۃ سُورۃ الصَّف

مطالعۂ قرآن حکیم کے جس منتخب نصاب کا ہم سلسلہ وار مطالعہ کر رہے ہیں اس کے چوتھے حصے میں سورۃ الحج کے آخری رکوع کے بعد اب ہمیں بالترتیب سورۃ الصف اور سورۃ الجمعہ کا مطالعہ کرنا ہے. یہ دونوں سورتیں ایک حسین و جمیل جوڑے کی صورت میں ’’سلسلۂ مُسَبِّحات‘‘ کے بالکل وسط میں وارد ہوئی ہیں. اس سے قبل سورۃ التحریم کے درس کے ضمن میں بھی یہ بات عرض کی جا چکی ہے کہ قرآن مجید کی اکثر سورتیں جوڑوں کی شکل میں ہیں. کسی ایک مضمون پر ‘ جس کے دو رُخ یا دو پہلو ہوں‘بالعموم دو علیحدہ سورتوں میں بحث ہوتی ہے اور دونوں سورتیں مل کر اس ایک مضمون کی تکمیل کرتی ہیں.