آگے فرمایا: لِّکَیۡلَا تَاۡسَوۡا عَلٰی مَا فَاتَکُمۡ ’’تاکہ تم افسوس نہ کرو اس پر جو تمہارے ہاتھ سے جاتا رہے‘‘. اللہ کی طرف سے جو حوادث سامنے آتے ہیں وہ امتحان کے لیے ہیں. تکلیف آ جائے تو صبر کرو‘ اللہ کچھ دے دے تو اس کا شکر کرو. فوت ہو جانا اردو میں بھی مستعمل ہے. یہاں فوت ہونا اس معنی میں ہے کہ کوئی موقع تھا جوہاتھ سے نکل گیا‘ کوئی اور شے تھی جو آپ کے ہاتھ سے جاتی رہی ‘ آپ کا کوئی عزیز فوت ہو گیا‘ آپ کا کوئی بچہ آپ کے سامنے دم توڑ رہا ہے اور آپ بہرحال اس کے لیے کچھ نہیں کر سکتے. سورۃ الواقعہ میں ارشاد ہوا: وَ نَحۡنُ اَقۡرَبُ اِلَیۡہِ مِنۡکُمۡ وَ لٰکِنۡ لَّا تُبۡصِرُوۡنَ ﴿۸۵’’اورہم تمہاری نسبت اس (فوت ہونے والے) کے زیادہ قریب ہوتے ہیں مگر تم دیکھ نہیں پاتے‘‘. تمہاری نگاہوں کے سامنے سے ہم تمہارے محبوبوں کو لے جاتے ہیں اور تم کچھ نہیں کر سکتے ‘بس دیکھ رہے ہوتے ہو. تو کوئی شخص یا چیز فوت ہو جائے تو اس پر بھی افسوس نہ کیا کرو.

اس لیے کہ وہ شے گئی کہاں ہے؟ اسی کائنات میں ہے. بس اس کی حالت تبدیل ہوئی ہے اور اللہ نے تمہارے امتحان کے لیے ایک صورت پیدا کر دی ہے. ساتھ ہی فرمایا : وَ لَا تَفۡرَحُوۡا بِمَاۤ اٰتٰىکُمۡ ’’اور جو کچھ اللہ دے دے اس پر اترایا مت کرو‘‘. اس لیے کہ یہ بھی امتحان ہی کے لیے ہے‘ یہ بھی بغرضِ آزمائش ہے. اگر اس نے تمہیں دولت دی ہے تو اُس کا حساب بھی تو تمہیں دینا ہو گا. جس کے پاس دولت زیادہ ہے اُس کا حساب بھی بہت بھاری ہوجائے گا. جیسے دولت مندوں کو انکم ٹیکس کی زیادہ فکر ہوتی ہے‘جو شخص hand to mouth ہے اس سے انکم ٹیکس کے کسی افسر کو کیا سروکار!تو وہاں جب حساب دینا ہو گا تو پتا چلے گا کہ ایک ایک پیسے کا حساب دینا ہے. اسی لیے بیلنس شیٹ جب بنتی ہے تو سرمائے کو liabilities کے کھاتے میں ڈالتے ہیں کہ تمہیں اس کا حساب دینا ہے کہ اسے کن کن مدات میں خرچ کیااور اس کے ذریعے کمایا کیا؟ اس حوالے سے ایک بہت پیاری حدیث ہے جس میں پانچ سوالوں کا تذکرہ ہے. حضور اکرم نے فرمایا: 

لَا تَزُوْلُ قَدَمُ ابْنِ آدَمَ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ مِنْ عِنْدِ رَبِّہٖ حَتّٰی یُسْاَلَ عَنْ خَمْسٍ: عَنْ عُمُرِہٖ فِیْمَ َفْنَاہُ وَعَنْ شَبَابِہٖ فِیْمَ اَبْلَاہُ وَمَالِہٖ مِنْ اَیْنَ اکْتَسَبَـہٗ وَفِیْمَ اَنْفَقَہٗ وَمَا عَمِلَ فِیْمَا عَلِمَ؟ (۱
’’ابن آدم کے قدم قیامت کے روز اپنے ربّ کے حضور ہرگز نہیں ہل سکیں گے جب تک اس سے پانچ چیزوں کے بارے میں پوچھ نہ لیا جائے: اس کی عمر کے بارے میں کہ کن کاموں میں کھپائی‘ اور (خاص طور پر) اس کی جوانی کے بارے میں کہ کن کاموں میں گلائی اور اس کے مال کے بارے میں کہ کہاں سے کمایا اور کن جگہوں پر خرچ کیا‘ اور یہ کہ علم کے مطابق کتنا عمل کیا .‘‘

تو معلوم ہوا کہ جو چیز اللہ دے دے اس پر اِترائو مت!اور جو اللہ چھین لے اس پر غم و افسوس نہ کرو! مؤمن کی کیفیت تووہ ہونی چاہیے جیسے سورۃالتغابن میں بیان کیا گیا ہے: 
مَاۤ اَصَابَ مِنۡ مُّصِیۡبَۃٍ اِلَّا بِاِذۡنِ اللّٰہِ ؕ وَ مَنۡ یُّؤۡمِنۡۢ بِاللّٰہِ یَہۡدِ قَلۡبَہٗ ؕ ’’نہیں آن پڑتی کوئی مصیبت مگر اللہ کے حکم سے‘ اور جو اللہ پر ایمان رکھتا ہے اللہ اس کے دل کوہدایت دے دیتا ہے‘‘. یعنی تسلیم و رضا کی ہدایت کہ اللہ کی مرضی یہی تھی ‘اللہ کا فیصلہ یہی تھا. مؤمن مطمئن رہتا ہے کہ اسی میں میرے لیے خیر ہو گا‘ چاہے وہ خیر مجھے نظر آئے یا نہ آئے!

زیر نظر آیات میں بتایا جا رہا ہے کہ تکالیف و مصائب انسانی زندگی کا لازمی حصہ ہیں. انسان اگر کسی جدوجہد میں حصہ لیے بغیر 
passive زندگی بسر کر رہا ہو تب بھی ان سے سابقہ پیش آ سکتا ہے. آدمی کو ہارٹ اٹیک ہو سکتا ہے‘کینسر ہو سکتا ہے‘ کوئی اور مصیبت آ سکتی ہے‘ کوئی حادثہ ہو سکتا ہے‘ اور اس طرح اس کی جان جا سکتی ہے. یہ جان تو ہر حال میں جانی ہی ہے اور مصیبتوں سے بچنے کی یہاں پر کسی کے پاس کوئی ضمانت نہیں ہے‘تو کیوں نہ انسان کسی اعلیٰ تر نصب العین کے لیے اپنی زندگی actively کھپائے اور اس کے لیے فی الواقع خطرات کا رسک لے. تو یہ تین آیتیں (۲۲ تا ۲۴) مضمون کے اعتبار سے ماقبل دو آیتوں کے ساتھ بھی ملتی ہیں اور اپنے بعد آنے والی آیت۲۵ کے ساتھ بھی مربوط ہیں. 
اس حوالے سے ان آیات پر دوبارہ غور کر لیجیے‘ اگرچہ ہم ان کا مطالعہ کر چکے ہیں. فرمایا: 
مَاۤ اَصَابَ مِنۡ مُّصِیۡبَۃٍ فِی الۡاَرۡضِ وَ لَا فِیۡۤ اَنۡفُسِکُمۡ ’’نہیں پڑتی کوئی پڑنے والی (کوئی مصیبت‘ کوئی بھی ناگوار یاتکلیف دہ صورت حال)‘ نہ زمین میں (کسی بڑے پیمانے پر) نہ ذاتی اعتبار سے تمہاری جانوں میں‘‘ اِلَّا فِیۡ کِتٰبٍ مِّنۡ قَبۡلِ اَنۡ نَّبۡرَاَہَا ؕ ’’مگر یہ کہ وہ ایک کتاب میں درج ہے اس (۱) سنن الترمذی‘ کتاب صفۃ القیامۃ والرقائق والورع‘ باب ما جاء فی شان الحساب والقصاص سے پہلے کہ ہم اسے ظاہر کریں‘‘.کتاب سے مراد اللہ کا علم قدیم ہے. اللہ کے علم میں پہلے سے معین ہے کہ یہ ہونا ہے. اس کے حوالے سے میں عرض کر چکا ہوں کہ اللہ کے علم قدیم میں ہر شے پہلے سے موجود تھی‘ یہ وجودِ علمی ہے. جب وہ شے ظاہر ہوتی ہے‘خارج میں آ جاتی ہے تو وہ گویا اس کا وجود ہے جس کو ہم مادی یا عملی وجود کہتے‘ہیں: اِنَّ ذٰلِکَ عَلَی اللّٰہِ یَسِیۡرٌ ﴿ۚۖ۲۲﴾ ’’یقینا اللہ کے لیے تو یہ بات بڑی آسان ہے.‘‘

اب اس کا نتیجہ کیا نکلنا چاہیے ؟ 
لِّکَیۡلَا تَاۡسَوۡا عَلٰی مَا فَاتَکُمۡ ’’تاکہ تم افسوس نہ کرو اس پر جو تمہارے ہاتھ سے جاتا رہے‘‘.’’لَا تَاْسَوْا‘‘ اَسِیَ یَاْسَی (افسوس کرنا‘ غمگین ہونا) سے فعل نہی ہے . سورۃ التغابن کے درس میں میں نے بڑی وضاحت کے ساتھ عرض کیا ہے کہ ایک تو طبعی اثر ہوتا ہے. کسی چیونٹی کے کاٹنے پر آپ کے ہاتھ میں جنبش ہوئی اور آپ نے اپنا ہاتھ ہٹا لیا کہ یہ کیا ہوا‘ یہ reflex actionہے. اس درجے میں انسان پر کسی شے کا کوئی فوری ردعمل طاری ہو جائے تو یہ بات تسلیم و رضا کے منافی نہیں ہے. جیسے کہ آنحضور کے صاحبزادے حضرت ابراہیمص جب عالم نزع میں تھے تو آپؐ کی آنکھوں میں آنسو آ گئے. اس پر بعض صحابہ کرام ث نے سوال بھی کیا کہ حضور آپ کی آنکھوں میں آنسو؟ آپؐ نے فرمایا :یہ تو اللہ تعالیٰ کی اُس رحمت کا ظہور ہے جو اُس نے انسان کے دل میں رکھی ہوئی ہے‘ لیکن ہم کہیں گے وہی کچھ جو اللہ کو پسند ہے‘ ہم اُس کی رضا پر راضی ہیں. یہ تسلیم و رضا کا مقام ہے‘ یعنی راضی برضائے رب رہنا. کوئی شکوہ اور شکایت کا کلمہ زبان پر نہ آئے. ؎ 

رضائے حق پہ راضی رہ ‘ یہ حرفِ آرزو کیسا؟
خدا مالک ‘ خدا خالق‘ خدا کا حکم‘ تو کیسا!!

علامہ اقبالؔ اس مقامِ رضا کے بارے میں کہتے ہیں ؎ 
بروں کشید زپیچاکِ ہست و بود مرا
چہ عقدہ ہا کہ مقامِ رضا کشود مرا!

اللہ کی رضا پر راضی رہنے کا معاملہ درحقیقت ایمان کے ثمرات میں سے چوٹی کا ثمرہ ہے. اگر کوئی تکلیف آئی ہے تو اس کا طبعی اثر تو یقینا ہو گا ‘لیکن اس سے زیادہ آپ کے اعصاب پر اور آپ کے احساسات پر اس کی چھاپ نہ پڑنے پائے. آپ کا طرزِ عمل یہ ہو کہ یہ اللہ کی طرف سے ہے اور اس سے یقینا اللہ کو کوئی نہ کوئی خیر ہی منظور ہو گا. ہم short sighted ہیں‘ ہم نہیں دیکھ سکتے. دعائے استخارہ میں رسول اللہ نے ہمیں یہ الفاظ سکھائے ہیں : فَاِنَّکَ تَعْلَمُ وَلَا اَعْلَمُ ’’یقینا تو جانتا ہے اور میں نہیں جانت وَتَقْدِرُ وَلَا اَقْدِر تجھے ہر شے کی قدرت حاصل ہے‘ مجھے قدرت حاصل نہیں ہے‘‘.جو بھی تیرا فیصلہ ہے میں اُس پر راضی ہوں ع ’’ہر کہ ساقی ٔماریخت عین الطاف است!‘‘ جو بھی کچھ میرے ساقی نے میرے پیالے میں ڈال دیا ہے وہ عین اس کا لطف و کرم ہے. اس کو انسان صبر و شکر کے ساتھ قبول کرے.
نزولِ مصیبت کے وقت 
لِّکَیۡلَا تَاۡسَوۡا عَلٰی مَا فَاتَکُمۡ ْ ’’جو چیز ہاتھ سے جاتی رہے اس پر افسوس نہ کیا کرو‘‘ کی تلقین کے ساتھ ہی یہ ہدایت بھی دے دی گئی : وَ لَا تَفۡرَحُوۡا بِمَاۤ اٰتٰىکُمۡ ’’اور جو کچھ اللہ تمہیں عطا فرمائے اس پر پھول نہ جایا کرو‘‘.’’فَرح‘‘ کہتے ہیں خوشی سے پھولے نہ سمانا.ایک ہے طبعی خوشی ہونا. کوئی ایسی بات ہوئی ہے جو آپ کے جی کو پسند ہے ‘ اس پر فوری طور پر ایک خوشی کا اظہار ہو جانا‘ یہ بھی تسلیم و رضا کے منافی نہیں ہو گا.لیکن اس سے انسان اس حد تک تاثر لے لے کہ خوشی سے پھولا نہ سمائے اور اس پر اتراتا پھرے تو یہ معاملہ درحقیقت فرح ہے‘ جس سے روکا گیا ہے. ’’فرح‘‘ کے لفظ کے اندر ہی یہ چیز موجود ہے جیسے کوئی چیز پھٹ رہی ہو ’’فَرج‘‘ کہتے ہیں سوراخ‘ رخنے یا خلاء کو ‘یعنی کوئی ٹوٹ پھوٹ ہو.اسی طرح ’’فرق‘‘ کاٹنے والی اور علیحدہ کر دینے والی شے کو کہا جاتا ہے. عربی میں جو مادّے لفظی طور پر بہت قریب ہوں وہ مفہوم کے اعتبار سے بھی قریب ہوتے ہیں. تو فرح کہتے ہیں خوشی سے آپے میں نہ رہنا‘ پھولے نہ سمانا.