ماہ شوال کے چھ روزے: یہ مستحب ہیں. صحیح مسلم کی روایت ہے‘ نبی اکرم  نے فرمایا: ’’جس نے رمضان کے روزے رکھے‘ اس کے بعد شوال کے چھ روزے رکھے تو یہ پورے زمانے کے روزے رکھنے کی مانند ہے.‘‘ 

سوموار اور جمعرات کا روزہ: یہ بھی مستحب ہے. ترمذی کی ایک روایت کی رو سے رسول اللہ  جمعرات کا روزہ اس لیے رکھتے تھے کہ اس دن اعمال اللہ کے حضور پیش کیے جاتے ہیں اور نبی اکرم  نے پسند فرمایا ہے کہ جب اعمال اللہ کے حضور پیش کیے جائیں تو آپؐ روزے سے ہوں. اور مسلم کی ایک روایت کی روسے آپ سوموار کا روزہ اس لیے رکھتے تھے کہ آپؐ نے فرمایا: اس دن میری ولادت ہوئی اور اسی دن میری بعثت ہوئی‘ یعنی وحی کا آغاز ہوا. عید میلاد النبی منانے والوں کو چاہیے کہ اگر یومِ ولادتِ نبی  منانے کا شوق ہے تو ہر سوموار کو روزہ رکھا کریں.