پیش لفظ

نحمدہ و نصلّی علیٰ رسولہ الکریم اما بعد! 

زیر نظر کتابچہ بانئ تنظیم اسلامی محترم ڈاکٹر اسرار احمدؒ کے ایک طویل انٹرویو پر مبنی ہے. یہ انٹر ویو چند سال قبل تنظیم اسلامی کے ناظم نشر و اشاعت ایوب بیگ مرزا نے تنظیم کی ویب سائٹ کے
www.tanzeem.org کے خصوصی سلسۂ ’’خلافت فورم‘‘ کے لیے کیا تھا، جسے اُس وقت مذکورہ ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیا گیا تھا.

یہ ایک یادگار انٹرویو ہے، جس سے بانئ تنظیم اسلامی کے سفر زیست کے مختلف گوشے خود ڈاکٹر صاحبؒ کی زبانی ہمارے سامنے آتے ہیں. بالخصوص اُن کی تحریکی جدوجہد کے سنگ ہاۓ میل یعنی مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن سے اسلامی جمیعت طلبہ اور جماعت اسلامی سے تنظیم اسلامی تک کے سفر کا احوال. علاوہ ازیں اسلام اور کفر کے عالمی معرکہ، اسلام کے احیائی عمل میں اسلامی تحریکوں کے کردار، پاکستان میں نفاذ اسلام اور اسلامی انقلاب کے لیے تنظیم اسلامی کا طریقہ کار بارے اُن کے خیالات بھی حد درجہ اختصار مگر نہایت جامعیت کے ساتھ آ شکارا ہوتے ہیں.

انٹر ویو کی خصوصی اہمیت کے پیش نظر امسال اِسے سی ڈی سے اتار کر اور ترتیب و تسوید کے مراحل سے گزار کر پہلے ہفت روزہ نداۓ خلافت میں چار قسطوں شائع کیا گیا. اور اب اِسے کتابی صورت میں پیش کیا جارہا ہے. امید ہے کہ یہ کتابچہ اُن احباب کے لیے جو محترم ڈاکٹر صاحب کی شخصیت، افکار و خیالات اور تحریکی جدوجہد سے بالاختصار آ گاہی حاصل کرنا چاہیں بطور خاص ممد و معاون ثابت ہو گا انشاءاللہ. 
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم ڈاکٹر صاحب کی حسنات، دینی جدوجہد اور قربانیوں کو شرف قبولیت بخشے اور ان کی لغزشوں اور سیئات سے در گزر فرماۓ. اور انہوں نے غلبۂ دین حق کے جس عظیم الشان نبویؐ مشن کی طرف اپنے رفقاء و احباب اور عامۃالمسلمین کی رہنمائی کی، انہیں اس کے لیے اپنا تن من دھن لگانے کی توفیق عطافرماۓ.

آمین

محبوب الحق عاجز
نائب مدیر شعبہ مطبوعات