عیسائیت کے عقائد کا یہودیت اور اسلام سے موازنہ عیسائیوں کے لیے لمحہ فکریہ

اب میں آپ کے سامنے اپنی وہ بات رکھنا چاہتا ہوں جو میں خاص طور پر عیسائیوں سے عرض کرنا چاہتا ہوں. وہ یہ کہ انہیں سوچنا چاہیے کہ عقیدے کے لحاظ سے یہودی ان سے قریب تر ہیں یا ہم؟؟ …میں ان شاء اللہ کبھی اس موضوع پر بھی گفتگو کروں گا کہ انجیل اور تعلیمات ِنبویؐ میں کیا مماثلت ہے. انجیل اور احادیث نبویؐ کے مطالعے سے میرے سامنے یہ بات آئی ہے کہ ان دونوں میں گہری مماثلت ہے. پچھلے دنوں انگلستان سے ایک انگریز جوڑا آیا ہوا تھا ‘ میاں بیوی دونوں پی ایچ ڈی کر رہے تھے. انہوں نے مجھ سے انٹرویو لیا تو میں نے اس ضمن میں کچھ خیالات ان کے سامنے ظاہر کیے. اس پر وہ ایک دم چونک گئے اور پوچھا کہ آپ نے کبھی اس موضوع پر لکھا بھی ہے؟ میں نے کہا کہ لکھا نہیں ہے‘ لیکن اللہ موقع دے تو شاید لکھ دوں. لیکن فی الحال میرا خیال ہے کہ میں لاہور میں اپنے اگلے خطابِ جمعہ میں‘ ان شاء اللہ‘ اس موضوع پر گفتگو کروںگاکہ انجیل اور حضرت محمد  کی تعلیمات میں کیا مماثلت ہے. یہ بات نوٹ کرنے کی ہے کہ قرآن اور انجیل میں مماثلت نہیں ہے ‘جبکہ قرآن اور تورات میں مماثلت ہے اور انجیل اور احادیث نبوی ؐ میں بھی مماثلت ہے. بہر حال وہ ایک علیحدہ بحث ہے. اس وقت میں اسلام اور عیسائیت کے عقائد میں مماثلت کے حوالے سے کچھ عرض کرنا چاہتا ہوں.