اسی طرح ایک داعی کی حیثیت سے آپؐ کا کیا مقام ہے؟ ایک مربی اور مزکی کی حیثیت سے آپؐ کا کیا مقام ہے؟ایک معلم کی حیثیت سے آپؐ کا کیا مقام ہے؟یہ وہ چیزیں ہیں جو ہماری سمجھ میں آ سکتی ہیں اور ہم ان کا کچھ نہ کچھ ادراک و شعور کر سکتے ہیں. لیکن ان تمام حیثیتوں یعنی داعی‘ مربی‘ مزکی ّاور معلم کو میں ایک لفظ میں جمع کرنا چاہتا 
ہوں‘ یعنی ایک انقلاب کے داعی اور انقلابِ عظیم کے برپا کرنے والے کی حیثیت سے آپؐ کا مقام کیا ہے؟ گویا ہم جن پہلوئوں سے حضور کی عظمت کو سمجھ سکتے ہیں ان میں سب سے نمایاں پہلو یہ ہے کہ آپؐ نے جو تبدیلی برپا کی یا اصطلاحاً جو عظیم انقلاب برپا کیا‘ اس انقلاب کا مطالعہ کیا جائے‘ اس کا حاصل اور اس کے نتائج مرتب کیے جائیں‘ ا س کے لیے جو ِجدوجہد ُہوئی اس کے بارے میں غور کیا جائے تو واقعتا حضور کی اصل عظمت نمایاں ہو کر سامنے آتی ہے. چنانچہ یہ ہے آپؐ کی عظمت کا وہ پہلو جس کا اقرار پوری دنیا نے کیا اور جس کی گواہی پوری دنیا نے دی.