طبع اوّل 
زیر نظر کتابچہ میرے دو مقالوں پر مشتمل ہے:

پہلا مقالہ ’’نبی اکرم کا مقصد ِبعثت : قرآن حکیم کی روشنی میں‘‘ مرکزی انجمن خدام القرآن لاہو رکی دوسری سالانہ قرآن کانفرنس کے پانچویں اجلاس میں پیش کیا گیا تھا جو جناح (ٹاؤن ) ہال‘ لاہور میں ۲۶/مارچ۱۹۷۵ء کی صبح کو منعقد ہوا. حسن اتفاق سے اُس روز ۱۲/ربیع الاوّل ۱۳۹۵ھ کی تاریخ تھی اور اس طرح مقالے کے موضوع کے ساتھ ایک حسین مناسبت پیدا ہو گئی. بعد ازاں یہ مقالہ دو قسطوں میں ماہنامہ ’میثاق‘ لاہور کی اکتوبر اور دسمبر۱۹۷۵ء کی اشاعتوں میں شائع ہوا.

دوسرا مقالہ ’’انقلابِ نبویؐ کا اساسی منہاج‘‘ تحریری صورت میں تو مارچ ۱۹۷۷ء میں ’شامِ ہمدرد‘ لاہور کی تقریب میں پیش کیا گیا تھا اور حسن ِاتفاق سے اس روز بھی قمری تاریخ ۱۲/ربیع الاول۱۳۹۷ھ ہی تھی. البتہ اس عنوان سے ایک تقریر اوّلاً انجمن خدام القرآن کی تیسری سالانہ قرآن کانفرنس کے آخری اجلاس ہی میں کی گئی تھی جو ۲۳/مارچ ۱۹۷۶ء کی شام کو جناح ہال لاہور میں منعقد ہوا تھا. بعد ازاں ایک جانب تو یہ مقالہ ماہنامہ ’میثاق‘ لاہور کی اشاعت بابت اپریل ۱۹۷۷ء میں شائع ہوا اور دوسری جانب اسے ایک صاحب خیر نے چھ ہزار کی تعداد میں طبع کرا کے مفت تقسیم کیا اب یہ دونوں تحریریں یکجا پیش خدمت ہیں!
اللہ تعالیٰ اسے میرے حق میں بھی توشہ ٔآخرت بنائے اور اس کے ذریعے مسلمانوں کے دلوں میں نبی اکرم کے مقصد ِبعثت کی عالمی سطح پر تکمیل کے لیے زندگیاں وقف کر دینے کی وہ ’’آرزو‘‘ پیدا فرمائے جس کے بارے میں علامہ اقبال مرحوم نے بصد حسرت و یاس فرمایا تھا کہ : ؎ 


آرزو اول تو پیدا ہو نہیں سکتی کہیں
اور ہو جائے تو مر جاتی ہے یا رہتی ہے خام!

اس لیے کہ آنحضور کے مقصد بعثت کی تکمیل کے لیے جان و مال کھپانا ہی آپؐ کے ساتھ ’’وفاداری‘‘ ہے اور یہ وہ مقام ہے جس کے بارے میں بالکل صحیح کہا تھا علامہ مرحوم نے کہ :

کی محمد ؐ سے وفا تو نے تو ہم تیرے ہیں
یہ جہاں چیز ہے کیا لوح و قلم تیرے ہیں!

خاکسار : اسرار احمد عفی عنہ 
لاہور ‘ ۱۷/اپریل ۱۹۸۷ء