دعوت رجوع الی القرآن کی حرکت و برکت کے چند نمونے

ضمیمہ


’مشتے نمونہ از خروارے‘ کے مصداق دعوت رجوع الی القرآن
کے ضمن میں’حرکت و برکت‘کے چند نمونے

۱. ششماہی رپورٹ حلقہ ہائے مطالعہ قرآن، کراچی، (شائع شدہ میثاق جولائی ۷۲ء)
۲. رفتار کار (شائع شدہ میثاق مارچ ۷۷ء)
۳. روزنامچۂ اشعار۲۸ دسمبر ۸۱ء تا ۲۸ جنوری۸۲ء (شائع شدہ میثاق مارچ ۸۲)
۴. قرآن اکیڈمی کے دو سالہ تدریسی کورس کے سالِ اول کی روداد (شائع شدہ حکمت قرآن مئی ۱۹۸۵)

؏ . "گاہے گاہے باز خواں ایں قصۂ پارینہ را!" 
ششماہی رپورٹ حلقہ ہائے مطالعہ قرآن کراچی

جنوری ۷۲ء تا جون ۷۲ء
مرتب: شیخ جمیل الرحمن، معتمد عمومی

حلقہ مطالعہ قرآن کراچی کے لیے جناب ڈاکٹر اسرار احمد صاحب نے ہر انگریزی ماہ کے پہلے اتوار اور اس سے ماقبل تین یوم کے لیے کراچی تشریف لانے کی منظوری دی تھی. 
چنانچہ ۳۱ دسمبر۷۱ء کو جمعۃ المبارک سے اس مبارک کام کا کراچی میں آغاز ہوا. خطبۂ جمعہ ڈاکٹر صاحب موصوف جامع مسجد کورٹ روڈ میں دیتے ہیں. یہ مسجد شہر کے قلب میں واقع ہے. اس میں تقریباً سات آٹھ سو حضرات نماز جمعہ ادا کرتے ہیں. خواتین کے لیے بھی نماز جمعہ کی ادائیگی کا اس مسجد میں مستقل انتظام ہوتا ہے. خطبہ کے لیے ۴۵ منٹ کا وقت مقرر ہے. ڈاکٹر صاحب کی آمد کے موقع پر نمازیوں میں کافی اضافہ ہوتا ہے. چنانچہ مئی اور جون کے پہلے جمعوں میں حاضری کا محتاط اندازہ ہزار کے لگ بھگ ہے. اس مسجد میں ڈاکٹر صاحب موصوف نے جو خطبات دیے ہیں ان کی تفصیل حسب ذیل ہے:

۲۱ دسمبر ۷۱ء خطبۂ جمعہ کی اہمیت
۴ فروری ۷۲ء مسلمانوں پر قرآن مجید کے حقوق
۳ مارچ ۷۲ء سورۂ واللیل کے مضامین کی تشریح و تفسیر
۳۱ مارچ ۷۲ء سورۃ الاعلی کے ..... (نامکمل)
۵ مئی ۷۲ء سورۂ ہمزہ .
۲ جون ۷۲ء سورۃ الاعلی کے بقیہ حصہ کی تکمیل

درس قرآن کا آغاز یکم جنوری ۷۲ء کو بعد نماز عشاء ریاض مسجد دہلی مرکنٹائل ہاؤسنگ سوسائٹی شہیدِ ملت روڈ پر ہوا. اس ہاؤسنگ سوسائٹی اور گردوپیش کی دیگر سوسائٹیز میں زیادہ تر تاجروں اور صنعت کاروں کی آبادی ہے. پھر وہ لوگ آباد ہیں جو تجارتی اور صنعتی اداروں میں اونچے مناصب پر فائز ہیں. درسِ قرآن 
میں شریک ہونے والوں کا اوسط تقریباً ستر اسی افراد رہا ہے. اہل علاقہ کے علاوہ بعض حضرات دور دراز کے مقامات سے بھی اس درس میں شریک ہوتے ہیں. اس مسجد میں ڈاکٹر صاحب کے حسب ذیل درس ہوئے ہیں:

یکم جنوری ۷۲ء ہفتہ بعد نماز عشاء سورۂ حج کا آخری رکوع
۵ فروری..... سورۂ والعصر

۴ مارچ سورۂ حم سجدہ کی آیادت از ۳۰ تا ۳۵ یکم اپریل. سورۂ نور کا رکوع ۵
۷ مئی. اتوار. سورۂ قیامہ مکمل

۳ جون ۷۲ء ہفتہ کو بجلی فیل ہوجانے کی وجہ سے درس نہ ہوسکا. مزید برآں جولائی ۷۲ء سے اس مسجد میں درس جمعیت الفلاح ہال کے درس کے باعث بند کیا جا رہا ہے جس کی تفصیل آگے آئیگی.

مسجد باب الاسلام آرام باغ شہر کے وسط میں ماشاء اللہ ایک وسیع جامع مسجد ہے. اس مسجد میں ۴ فروری ۷۲ء جمعہ کی شب سے درس قرآن کا آغاز ہوا. بفضلہٖ تعالیٰ ہر درس میں حاضرین کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے جو اب دو سو افراد سے بھی تجاوز کر گئی ہے. اس درس میں بھی لوگ دور دور سے شریک ہوتے ہیں. اس مسجد میں ڈاکٹر صاحب موصوف کے اب تک حسب ذیل درس ہوئے ہیں:

۴ فروری ۷۲ء، جمعہ بعد نماز عشاء سورۂ حم سجدہ کی آیات از ۳۰ تا ۳۵
۳ مارچ سورۂ صف مکمل 
۳۱ مارچ سورۂ جمعہ 
۵ مئی سورۂ عنکبوت کا پہلا رکوع
۲ جون سورۂ مومنون کا پہلا رکوع

عزیز آباد اور دستگیر کالونی متوسط طبقہ کی آبادیاں ہیں ان میں اور ان سے ملحق بستیوں میں متوسط درجہ کے تاجر، صنعت کار اور ملازمت پیشہ حضرات کی رہائش ہے. اکثریت تعلیم یافتہ حضرات کی ہے. محمدی مسجد، عزیز آباد اور دستگیر کالونی کے اتصال پر واقع ہے. اس مسجد میں پہلا اجتماع ۳ فروری جمعرات کو بعد نماز عشاء منعقد ہوا جس میں سورۂ حجرات کی آیات ۱۴ تا ۱۸ کا درس ہوا. دوسرا اجتماع ۴ مارچ ہفتہ بعد نماز عصر منعقد ہوا جس میں سورۂ حج کے آخری رکوع کا درس ہوا. ان دونوں اجتماعات میں شرکاء کی اوسط تقریباً پچاس رہی جو کچھ زیادہ حوصلہ افزاء نہیں تھی، لہٰذا اپریل ۷۲ء سے یہ اجتماع بند کرنے کا ارادہ تھا لیکن بعض مقامی حضرات نے جو ڈاکٹر صاحب کی دعوت سے کافی متاثر تھے، اصرار کیا کہ ان کو ایک مزید موقع دیا جائے. چنانچہ تیسرا اجتماع ۳۰ مارچ ۷۲ء جمعرات کو بعد نماز عشاء ایک رفیق کارکن کے مکان پر رکھا گیا جس میں شرکاء کی تعداد اسی سے بھی متجاوز تھی اور اکثریت اعلی تعلیم یافتہ حضرات کی تھی. چوتھا اجتماع ۶ مئی کو بروز ہفتہ بعد نماز عشاء اور پانچواں اجتماع یکم جون کو بروز جمعرات بعد نماز عشاء اسی مقام پر منعقد ہوئے. ان دونوں اجتماعات میں شرکاء کی تعداد سوا سو کے لگ بھگ تھی. چوتھے اجتماع میں درسِ قران کے بجائے ڈاکٹر صاحب نے "حقیقت ایمان" کے موضوع پر تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ خطاب فرمایا اور پانچویں اجتماع میں سورۂ آل عمران کے آخری رکوع کی آیات از ۱۹۰ تا ۱۹۵ کا درس ہوا. ان اجتماعات میں خواتین بھی شریک تھیں. 

کراچی کا مرکزی اجتماع ہر انگریزی ماہ کے پہلے اتوار کو رباط العلوم الاسلامیہ لائبریری میں صبح ساڑھے نو بجے ہوتا ہے. یہ لائبریری ہاؤسنگ سوسائٹیز کے علاقہ میں عالم گیر روڈ پر ایک مینارا مسجد کے نزدیک واقع ہے. اس علاقہ میں ذرائع آمدورفت کی بڑی تکلیف ہے. لیکن اس کے باوجود کراچی کے مختلف اطراف سے اجتماع میں شرکت کے لیے لوگ بڑے ذوق و شوق کے ساتھ تشریف لاتے ہیں. خواتین کے لیے بھی نشست کا علیحدہ انتظام ہوتا ہے. بفضلہٖ تعالیٰ اب حاضری ڈیڑھ سو افراد سے بھی تجاوز کر رہی ہے. اس مرکزی اجتماع کا آغاز ۲ جنوری ۷۲ء بروز اتوار ہوا تھا. اس اجتماع میں ڈاکٹر صاحب کا درس عموماً دو، پونے دو گھنٹے کا ہوتا ہے. حاضرین بڑے انہماک سے پورے درس سے استفادہ کرتے ہیں. اس اجتماع میں ڈاکٹر صاحب نے حسب ذیل موضوعات پر خطاب فرمایا ہے:

۲ جنوری ۷۲ء اتوار صبح دس بجے خطاب. جس میں حالات ملکی کا پس منظر اور پیش منظر بیان کیا گیا اور دعوت رجوع الی القرآن کی ضرورت اہمیت واضح کی گئی. 

۶ فروری ۷۲ء، اتوار صبح دس بجے خطاب. جس میں سورۂ بقرہ کی آیت ۱۷۷ "آیت البر" کے مطالب بیان کیے گئے. 
۵. مارچ ۷۲ خطاب. جس میں سورۂ لقمان کے رکوع ۲ کی تفسیر و شرح بیان ہوئی. 

۲ اپریل ۷۲ء خطاب. سورۂ آل عمران کی آیت ۱۹۰ تا ۱۹۵ کی روشنی میں حقیقیت ایمان پر روشنی ڈالی گئی. 

۷ مئی ۷۲ء. ساڑھے نو بجے سورۂ تغابن مکمل بیان ہوئی. 
۴ جون ۷۲ء اتوار صبح ساڑھے نو بجے سورۂ حجرات مکمل کا درس ہوا. 

کراچی ایک نہایت وسیع شہر ہے، متعدد مقامات سے مسلسل و پہم تقاضے آتے ہیں کہ ڈاکٹر صاحب کی آمد پر ان کے علاقوں میں خطاب اور درسِ قرآن کے پروگرام رکھے جائیں. لیکن ڈاکٹر صاحب چونکہ گنتی کے دن کراچی کے لیے نکالتے ہیں اور ان میں بھی بعض دن تو دو دو پروگرام ہوتے ہیں اس لیے پروگراموں میں اضافہ ممکن نہیں البتہ اکثر احباب کی اس تجویز کے پیشِ نظر کہ رباط العلوم الاسلامیہ کی طرز کا ایک اجتماع شہر کے وسط میں کسی ہال میں رکھا جائے ،ماہ جون 72ء سے جمعیت الفلاح ہال میں ایک اجتماع کا آغاز ہوگیا ہے. جمعیت الفلاح کی عمارت شہر کے تقریباً وسط میں واقع ہے. شہر کے تمام اطراف کے لیے یہاں سواری آسانی سے مل جاتی ہے. صدر میں ریگل بس سٹاپ ایک مشہور اور مرکزی بس سٹاپ ہے. جمعیت الفلاح اس بس سٹاپ سے نصف فرلانگ پر واقع ہے. جمعیت الفلاح میں پہلا اجتماع ۴جون بروز اتوار بعد نماز مغرب منعقد ہوا. شرکاء کی تعداد دو سو کے لگ بھگ تھی. اس اجتماع میں ڈاکٹر صاحب نے حیات طیبہ پر تقریر کی اور ازروئے قرآن حکیم بعثت نبوی کے مقصد کی تکمیل کے مراحل اور امت مسلمہ کی ذمہ داریاں کے ذیلی عنوانات پر اظہار خیال فرمایا. آئندہ یعنی ماہ جولائی سے جمعیت الفلاح میں ہر انگریزی ماہ کے پہلے اتوار سے ماقبل ہفتہ کے روز بعد نماز مغرب درسِ قرآن ہوا کرے گا. اس اجتماع کی وجہ سے ریاض مسجد کا درس بند ہوجائے گا جو ہفتہ کی شب کو ہوا کرتا تھا. البتہ رباط العلوم الاسلامیہ کا درس اتوار کو علیٰ حالہٖ جاری رہے گا، جو اسی علاقہ میں ہوتا ہے. اللہ تعالیٰ کی ذات سے امید ہے کہ انشاء اللہ جمعیت الفلاح ہال کا اجتماع بہت جلد حاضری کے لحاظ سے دیگر تمام اجتماعات سے بازی لے جائے گا. 

ان مستقل اجتماعات کے علاوہ جناب ڈاکٹر صاحب کے حسب ذیل دو خطابات بھی ہوئے: ۲ مارچ ۷۲ء کو ڈاکٹر صاحب نے یونین کلب سراج الدولہ روڈ پر بعد نماز عشاء "تہذیب حاضر کے فکری رجحانات اور اسلام کی نشاۃ ثانیہ" کے موضوع پر خطاب کیا. حاضری ستر افراد سے زائد تھی، جس میں اعلی تعلیم یافتہ حضرات کی اکثریت تھی. یہ ایک خالص علمی تقریر تھی جو بے حد پسند کی گئی. یکم اپریل کو جامع مسجد نیوٹاؤن میں جامعہ اسلامیہ عربیہ کے دار الحدیث کے وسیع ہال میں، جامعہ کے طلبہ اور اساتذہ کرام کو خطاب کیا. اس اجتماع کی صدارت جناب حضرت مولانا محمد یوسف صاحب بنوری مدظلہ نے فرمائی. اس خطاب میں علماء کرام اور دینی طلباء کو ملت کے ذہین و فہیم طبقہ میں دعوت تجدید ایمان اور رجوع الی القرآن کی ضرورت و اہمیت کی طرف متوجہ کرایا گیا. بحمد اللہ ڈاکٹر صاحب کی تقریر کو کافی پسند کیا گیا اور ان کے خیالات سے بالعموم اتفاق کیا گیا. 
ڈاکٹر صاحب کے خطبات اور درس ہائے قرآن کراچی میں ٹیپ کرلیے جاتے ہیں اور انہیں مختلف مقامات پر لوگوں کو جمع کرکے سنایا جاتا ہے. ان ٹیپس کے ذریعے دعوتی کام میں بڑی مدد مل رہی ہے. ایک صاحب خطباتِ جمعہ کے ٹیپ منتقل کرکے اپنے ساتھ امریکہ لے کر گئے ہیں تاکہ وہاں مستقل طور پر ٹیپ کے ذریعے خطبات سنانے کا انتظام کیا جائے. مختلف حلقوں سے بعض حضرات اپنے ٹیپ ریکارڈرز کے ذریعے خطبات اور درس ہائے قرآن ریکارڈ کر رہے ہیں تاکہ اپنے اپنے حلقوں میں ٹیپ کے ذریعے دعوت رجوع الی القرآن کا آغاز کیا جا سکے. حیدر آباد بھی چار ٹیپ جا چکے ہیں. جہاں ان کو مختلف مقامات پر سنانے کا انتظام کیا گیا ہے. اطلاع ملی ہے کہ لوگ کافی دلچسپی کے ساتھ ٹیپ کے ذریعے درس ہائے قرآن اور خطبات جمعہ سننے کے لیے جمع ہوتے ہیں.