عرض ناشر

تالیفِ نسخہ ہائے وفا کررہا تھا میں مجموعۂ خیال ابھی فرد فرد تھا

زیرِ نظر کتاب اصلاً، نسخہ ہائے وفا کی تالیف ہی ہے. اس مجموعۂ خیال کے اجزائِ فرد فرد کی حیثیت تنظیم اسلامی کے لٹریچر کو حاصل ہے. دراصل ماجرہ یہ ہے کہ بانیٔ تنظیم اسلامی، داعیٔ قرآن ڈاکٹر اسرار احمد رحمہ اللہ علیہ نے اپنے افکارِ عالیہ کے اظہار وابلاغ کے لئے تقریر وخطابت کو اپنا اصل 
Medium بنایا اور اسے خوبی کے ساتھ برت کر دکھایا. وقتاً فوقتاً یہ دروس وخطبات کیسٹ کی رِیل سے اُتر کر صفحہ وقرطاس کی رونق بنتے رہے. انہی دروس وخطبات پر مبنی کتابچے، تنظیم اسلامی کا لٹریچر کہلائے اور ساتھ ہی کچھ مختصر مگر قیمتی تحریریں بھی بانیٔ محترمؒ کے قلم سے صادر ہوئیں اور اس لٹریچر کی زینت بنیں.

الحمدللہ!تنظیمی وسعت اور دعوتی کام کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر اس بات کی ضرورت عرصے سے محسوس کی جارہی تھی کہ ایک ایسی کتاب تیار کی جائے جو بہت زیادہ ضخیم بھی نہ ہو مگر تنظیم اسلامی کے ایک جامع تعارف کے لئے کفایت کرجائے.

اس خیال کے پیشِ نظر بانیٔ تنظیمؒ کی خدمت میں، اُنہی کے کتابچوں کے منتخب حصوں پر مبنی ایک تالیف کاخاکہ پیش کیا گیا. یہ غالباً، 2009ء کی بات ہے. ابتدائی منظوری کے بعد اُس نقشے پر کام کا آغاز کردیا گیا اور حتمی منظوری کے لئے مسودہ تیاری کے مراحل میں تھا کہ بانیٔ محترمؒ کی وفات کا سانحۂ عظیم پیش آگیا. بعد ازاں امیرِ محترم حافظ عاکف سعید صاحب‘ جو پہلے ہی سے اس پروجیکٹ میں خصوصی رہنمائی فراہم کررہے تھے، نے فیصلہ فرمایا کہ اب اس کتاب میں تنظیم اسلامی کے ساتھ ساتھ بانیٔ تنظیم اسلامی کے حالاتِ زندگی اور دینی خدمات کا مختصر تعارف بھی شامل ہونا چاہئے. اس ضرورت کو پورا کرنے کے لئے حافظ انجینئر نوید احمد صاحب کا مضمون ’’ڈاکٹر اسرار احمد رحمہ اللہ علیہ، حالاتِ زندگی اور دینی خدمات‘‘ کو بھی شاملِ اشاعت کیا جارہا ہے. 
یہ تالیف تین حصوں اور چند ضمیمہ جات پر مبنی ہے. حصہ اول میں جیسا کہ عرض کیا گیا، بانیٔ تنظیم اسلامی ڈاکٹر اسرار احمد رحمہ اللہ علیہ کے حالاتِ زندگی اور دینی خدمات کا مختصر تعارف حافظ انجینئر نوید احمد صاحب کے قلم سے پیش کیا گیاہے. حصہ دوم میں تنظیم اسلامی کا تعارف اور تاریخی پسِ منظر بانیٔ تنظیم کی تحریروں اور تقریروں کے آئینے میں پیش کیا گیا ہے. حصہ سوم تنظیم اسلامی کی دعوت اور طریقۂ کار کے بیان پر مشتمل ہے. کتاب کے آخر میں شامل ضمیمہ جات اصلاً چند اصولی اور انتظامی نوعیت کی دستاویزات پر مشتمل ہے.

ان متفرق اجزاء کے مابین ایک معنوی اور مقصدی ربط پایا جاتا ہے، جس کی رعایت کرتے ہوئے ان اجزاء کو ایک تالیفی کل میں سمونے کی کوشش کی گئی ہے. اسی نسبت سے قارئین کی سہولت کے لئے ہر حصے باب یا فصل سے پہلے ایک مختصر ادارتی نوٹ درج کیا گیا ہے. اس نوٹ میں ماقبل و مابعد کے درمیان پائی جانے والی مناسبت کو واضح کیا گیا ہے اور ساتھ ہی اُس تحریر کے زمانی ومکانی سیاق وسباق کی وضاحت اور تنظیمی لٹریچر میں اُس کے محلِ وقوع کی نشاندہی کی گئی ہے.

یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ کتاب میں موجود حاشیے بانیٔ محترمؒ ہی کے تحریر کردہ ہیں، سوائے اُن حاشیوں کے کہ جن کے اختتام پر قوسین میں ’’مرتب‘‘ لکھا ہوا ہے.

کمپوزنگ اور پروف ریڈنگ کے اعتبار سے ممکنہ سعی کی گئی ہے، البتہ ہم قارئین کی جانب سے کسی غلطی کی نشاندہی پر اُن کے شکر گزار ہوں گے اور آئندہ ایڈیشن میں تصحیح کرلی جائے گی. (ان شاء اللہ)

آخر میں ہم اللہ رب العزت کے حضور دعا گو ہیں کہ وہ اس اشاعت کو اسلام اور مسلمانوں کے حق میں دنیا اور آخرت کے اعتبار سے مفید بنائے اور اسلام کے اس انقلابی فکر کی امانت، جو امام الہند حضرت شاہ ولی اللہ دہلویؒ سے ہوتے ہوئے بانیٔ تنظیم محترم ڈاکٹر اسرار احمد رحمہ اللہ علیہ کے ذریعہ ہم وابستگانِ تنظیم اسلامی تک پہنچی ہے، کو بڑے پیمانے پر بندگانِ خدا تک پہنچانے کا ذریعہ بنادے. آمین


ہفتہ 26 جمادی الاولیٰ 1432ھ ناظم، شعبۂ مطبوعات
بمطابق 30 اپریل 2011ء قرآن اکیڈمی، یٰسین آباد