بانیٔ تنظیم اسلامی ڈاکٹر اسرار احمدؒ حالاتِ زندگی اور دینی خدمات


حافظ انجینئر نوید احمد ؒ 
زیر نظر کتاب کا یہ حصہ اول دور حاضر کے عظیم داعیٔ قرآن، بانیٔ تنظیم اسلامی کے حالات زندگی اور دینی وتحریکی مساعی کے مختصر تذکرے پر مشتمل ہے. صاحبِ مضمون، حافظ انجینئر نوید احمد صاحب، بانیٔ تنظیم اسلامیؒ کے اُن ہونہار اور ممتاز شاگردوں میں شامل ہیں جنہوں نے محترم ڈاکٹر صاحبؒ کے دروس قرآن اور فکرِ دینی سے نہ صرف بھرپور استفادہ کیا بلکہ پیغامِ قرآنی کے فروغ اور دین کے انقلابی تصور کی نشرواشاعت میں بھرپور کردار اداکیا ہے.
اس مختصروجامع مضمون میں حافظ انجینئر نوید احمد صاحب نے بانیٔ محترمؒ کی حیات دنیوی کو چھ بڑے ادوار میں تقسیم کرکے چند اہم اور نمایاں واقعات کا تذکرہ کیا ہے. ورنہ سچی بات تو یہ ہے کہ یہ عنوان یعنی ’’حالات زندگی اور دینی خدمات‘‘ کم از کم پانچ سو صفحات کے تحقیقی مقالے کا متقاضی ہے. سردست قارئین کی سہولت کے لئے محترم ڈاکٹر صاحبؒ کی زندگی کا ایک خاکہ پیش کرنے پر اکتفاء کیا گیا ہے. (مرتب) 
بِسۡمِ اللّٰہِ الرَّحۡمٰنِ الرَّحِیۡمِ 

حالاتِ زندگی اور خدماتِ دینی حافظ انجینئر نوید احمد

سورۃ النحل آیت ۹۷ میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے مَنۡ عَمِلَ صَالِحًا مِّنۡ ذَکَرٍ اَوۡ اُنۡثٰی وَ ہُوَ مُؤۡمِنٌ فَلَنُحۡیِیَنَّہٗ حَیٰوۃً طَیِّبَۃً ۚ وَ لَنَجۡزِیَنَّہُمۡ اَجۡرَہُمۡ بِاَحۡسَنِ مَا کَانُوۡا یَعۡمَلُوۡنَ ﴿۹۷﴾ ’’ جس نے اچھا عمل کیا خواہ مرد ہو یا عورت اور وہ عمل ایمان واخلاص کے ساتھ ہو تو ہم اُسے ضرور پاکیزہ زندگی عطا کریں گے اور اُس کی نیکیوں کا عمدہ اجر عطا فرمائیں گے‘‘. ڈاکٹر اسرار احمد ؒ بلاشبہ اِس آیت میں دی جانے والی بشارت کے مصداق تھے اور وہ ایک پاکیزہ زندگی گزار کر خالقِ حقیقی سے جا ملے.امید ہے کہ وہ بارگاہِ خداوندی میں ایک مطمئن نفس کے ساتھ حاضر ہوں گے.ایسا نفس جو مطمئن ہوگا کہ میں نے دنیا کی عارضی زندگی کے اوقات اُس کام میں لگائے جن میں یہ اوقات لگنے چاہیے تھے.گویا ڈاکٹر صاحبؒ اُن نفوس میں شامل ہوں گے جو لِسَعْیِہَا رَاضِیَۃٌ یعنی اپنی محنتوں پر شاداں و فرحاں ہوں گے.آئیے ڈاکٹر صاحبؒکے حالاتِ زندگی اور اُن کی خدماتِ دینی کا ایک اجمالی جائزہ لیتے ہیں.ڈاکٹر صاحبؒ کی حیاتِ باسعادت کو چھ ادوار میں تقسیم کیا جا سکتا ہے.