اس ضمن میں تین باتیں تو بنیادی و اساسی ہیں اور تین ہی ان کے لوازم ہیں. یہ کُل چھ باتیں ہوں گی. تین بنیادی و اساسی باتوں کے متعلق میں چاہتا ہوں کہ ابتداء ً بھاری بھرکم اصطلاحات سے ہٹ کر ان کو عام فہم انداز میں آپ کے سامنے پیش کروں. اس میں شک نہیں کہ اصطلاحات کی بڑی اہمیت ہوتی ہے اور ہر علم اور ہر فن کا اصل اور حقیقی فہم انہی اصطلاحات کے حوالے سے حاصل ہوتا ہے. آپ فزکس نہیں سمجھ سکتے جب تک آپ کی گرفت میں اس کی بنیادی اصطلاحات‘ (basic terminologies) نہ آجائیں. اسی طرح ہمارے دین کی بھی اصطلاحات ہیں جن کا سمجھنا ضروری ہے. لیکن میں چاہوں گا کہ پہلے ان اصطلاحات سے ذرا ہٹ کر بات اصولاً سمجھ لی جائے. 

ان تین بنیادی و اساسی باتوں میں سے پہلی بات یہ ہے کہ ہم خود دین پر عمل پیرا ہوں‘اس پر کاربند ہوں. دوسری بات یہ کہ ہم دین کو پھیلائیں. اور تیسری یہ کہ ہم دین کو قائم کریں. یہ ہیں تین بنیادی و اساسی باتیں. اب ان تینوں کو علیحدہ علیحدہ بھی سمجھ لیجیے.