أَفَأَمِنَ الَّذِينَ مَكَرُوا السَّيِّئَاتِ أَنْ يَخْسِفَ اللَّهُ بِهِمُ الْأَرْضَ أَوْ يَأْتِيَهُمُ الْعَذَابُ مِنْ حَيْثُ لَا يَشْعُرُونَ ﴿45﴾
‏ [جالندھری]‏ کیا جو لوگ بری بری چالیں چلتے ہیں اس بات سے بےخوف ہیں کہ خدا ان کو زمین میں دھنسا دے یا (ایسی طرف سے) ان پر عذاب آ جائے جہاں سے ان کو خبر ہی نہ ہو؟ ‏
تفسیر ابن كثیر
اللہ عز و جل کا غضب
اللہ تعالٰی خالق کائنات اور مالک ارض و سماوات اپنے حلم کا باوجود علم کے باوجود اور اپنی مہربانی کا باوجود غصے کے بیان فرماتا ہے کہ وہ اگر چاہے اپنے گنہگار بد کردار بندوں کو زمین میں دھنسا سکتا ہے ۔ بےخبری میں ان پر عذاب لا سکتا ہے لیکن اپنی غایت مہربانی سے درگزر کئے ہوئے ہے جیسے سورہ تبارک میں فرمایا اللہ جو آسمان میں ہے کیا تم اس کے غضب سے نہیں ڈرتے ؟ کہ کہیں زمین کو دلدل بنا کر تمہیں اس میں دھنسا نہ دے کہ وہ تمہیں ہچکو لے ہی لگاتی رہا کرے کیا تمہیں آسمانوں والے اللہ سے ڈر نہیں لگتا کہ کہیں وہ تم پر آسمان سے پتھر نہ برسا دے ۔ اس وقت تمہیں معلوم ہو جائے کہ میرا ڈرانا کیسا تھا ۔ اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اللہ تعالٰی ایسے مکار ، بد کردار لوگوں کو ان کے چلتے پھرتے ، آتے ، کھاتے ، کماتے ہی پکڑ لے ۔ سفر حضر رات دن جس وقت چاہے ، پکڑ لے جیسے فرمان ہے آیت (افامن اھل القری) الخ ، کیا بستی والے اس سے نڈر ہو گئے ہیں کہ ان کے پاس ہمارا عذاب رات میں ان کے سوتے سلاتے ہی آ جائے ۔ یا دن چڑھے ان کے کھیل کود کے وقت ہی آ جائے ۔ اللہ کو کوئی شخص اور کوئی کام عاجز نہیں کر سکتا وہ ہارنے والا ، تھکنے والا اور ناکام ہو نے والا نہیں ۔ اور یہ بھی ممکن ہے کہ باوجود ڈر خوف کے انہیں پکڑ لے تو دونوں عتاب ایک ساتھ ہو جائیں ڈر اور پھر پکڑ ۔ ایک کو اچانک موت آ جائے دوسرا ڈرے اور پھر مرے ۔ لیکن رب العلی ، رب کائنات بڑا ہی رؤ ف و رحیم ہے اس لئے جلدی نہیں پکڑتا ۔ بخاری و مسلم میں ہے خلاف طبع باتیں سن کر صبر کرنے میں اللہ سے بڑھ کر کوئی نہیں ۔ لوگ اس کی اولاد ٹھہر تے ہیں اور وہ انہیں رزق و عافیت عنایت فرماتا ہے ۔ بخاری مسلم میں ہے اللہ تعالٰی ظالم کو مہلت دیتا ہے لیکن جب پکڑ نازل فرماتا ہے پھر اچانک تباہ ہو جاتا ہے پھر حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے آیت (وکذلک اخذ ربک) الخ ، پڑھی ۔ اور آیت میں ہے (وکاین من قریتہ) الخ بہت سی بستیاں ہیں جنہیں میں نے کچھ مہلت دی لیکن آخر ان کے ظلم کی بنا پر انہیں گرفتار کر لیا ۔ لوٹنا تو میری ہی جانب ہے۔