ثُمَّ أَنْشَأْنَا مِنْ بَعْدِهِمْ قُرُونًا آخَرِينَ ﴿42﴾
‏ [جالندھری]‏ پھر ان کے بعد ہم نے اور جماعتیں پیدا کی ‏
تفسیر ابن كثیر
اکثریت ہمشہ بدکاروں کی رہی 
ان کے بعد بھی بہت سی امتیں اور مخلوق آئی جو ہماری پیدا کردہ تھی ۔ ان کی پیدائش سے پہلے ان کی اجل جوقدرت نے مقرر کی تھی ، اسے اس نے پورا کیا نہ تقدیم ہوئی نہ تاخیر۔ پھر ہم نے پے درپے لگاتار رسول بھیجے ۔ ہر امت میں پیغمبر آیا اس نے لوگوں کو پیغام الٰہی پہنچایا کہ ایک اللہ کی عبادت کرو اس کے ماسوا کسی کی پوجا نہ کرو ۔ بعض راہ راست پر آگئے اور بعض پر کلمہ عذاب راست آگیا ۔ تمام امتوں کی اکثریت نبیوں کی منکر رہی جیسے سورۃ یاسین میں فرمایا آیت (یاحسرۃ علی العباد الخ) افسوس ہے بندوں پر ان کے پاس جو رسول آیا انہوں نے اسے مذاق میں اڑایا ۔ ہم نے یکے بعد دیگرے سب کو غارت اور فناکردیا آیت (وکم اھلکنا من القرون من بعد نوح) نوح علیہ السلام کے بعد بھی ہم نے کئی ایک بستیاں تباہ کردیں ۔ انہیں ہم نے پرانے افسانے بنادیا وہ نیست ونابود ہوگئے اور قصے ان کے باقی رہ گئے ۔ بے ایمانوں کے لئے رحمت سے دوری ہے ۔