اس کتاب کے بارے میں

امام اعظم ابو حنیفہؒ کی ذات گرامی کسی تعارف کی محتاج نہیں ہے اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ انہیں کے مسلک کے پیروکار اور ماننے والے موجود ہیں، جو اپنے آپ کو حنفی کہتے ہیں، امام صاحب کے حالات زندگی پر بہت سی کتابیں لکھی گئیں اور ہر پہلو و گوشے پر لکھی گئیں، جن میں کچھ بہت ہی ضخیم ہیں اور کچھ مختصر، ان میں سے اکثر کتابیں علمی مباحث پر مشتمل ہیں جن سے علماء اور پڑھا لکھا طبقہ ہی فائدہ اٹھا سکتا ہے، عام آدمی اور کم پڑھے لکھے لوگوں کے لئے اس کو پڑھنا اور سمجھنا ممکن نہیں ہے، اس لئے ایک ایسی کتاب کی ضرورت تھی جو عام لوگوں کو مد نظر رکھ کر لکھی گئی ہو، جس میں امام صاحبؒ کی مکمل سوانح آسان اور سلیس زبان میں ہو، اس کے علاوہ فقہ حنفی کی خصوصیات، ترجیحات اور دلائل موجود ہوں تاکہ اس کتاب کے پڑھنے والے کو اگر ایک طرف امام صاحبؒ کے حالات زندگی سے واقفیت اور آگاہی ہو تو دوسری طرف فقہ حنفی کی خصوصیات اور ترجیحات کا بھی علم ہو، زیر نظر کتاب انہی مقاصد کو پیش نظر رکھ کر تیار کی گئی ہے جس میں وہ تمام چیزیں موجود ہیں جن کا اوپر ذکر کیا گیا ہے، یہ کتاب اپنے مقصد میں کہاں تک کامیاب ہے اس کا اندازہ اس کو پڑھنے کے بعد ہی ہو گا۔