وقیع بن جراحؒ سے روایت ہے کہ ہم امام ابو حنیفہؒ کی خدمت میں تھے کہ ایک عورت آئی اور عرض کیا کہ میرا بھائی مرگیا اس نے چھ سو (600) اشرفیاں ترکہ میں چھوڑیں مگر مجھے صرف ایک اشرفی ملی ہے؟ امام ابو حنیفہؒ نے فرمایا "یہی تیرا حق ہے" پھر اس عورت سے سوال کیا اچھا بتاؤ تیرے بھائی نے دو لڑکیاں چھوڑیں؟ عورت نے عرض کیا "ہاں" ماں چھوڑی؟ عورت نے کہا"ہاں" بیوی چھوڑی؟ عورت نے کہا "ہاں" بارہ بھائی اور ایک بہن چھوڑی؟ عورت نے جواب دیا "جی ہاں۔" تب امام صاحب نے فرمایا کہ تیرے بھائی کی دونوں لڑکیوں کا دو ثلث یعنی چار سو (400) اشرفی ہے۔ ماں کا ایک سدس سو اشرفی (100) ہے اور بیوی کا ثمن پچہتر(75) اشرفی ہے۔ باقی پچیس (25) اشرفیاں جس میں چوبیس (24) بھائیوں کی ہیں ہر بھائی کو دو اشرفی۔ اور تیری صرف ایک اشرفی۔