عمل دعا مانگنے میں ان باتوں کا خیال رکھو۔ خوب شوق سے دعا مانگو۔ گناہ کی چیز مت مانگو۔ اگر کام ہونے میں دیر ہو جائے تو تنگ ہو کر مت چھوڑو قبول ہونے کا یقین رکھو۔ عمل غصہ میں آ کر اپنے مال و اولاد و جان کو مت کوسو شاید قبولیت کی گھڑی ہو۔ عمل جہاں بیٹھ کر دنیا کی باتوں اور دھندوں میں لگو وہاں تھوڑا بہت اللہ و رسول کا ذکر بھی ضرور کر لیا کرو نہیں تو وہ باتیں سب وبال جان ہو جائیں گی۔ عمل استغفار بہت پڑھا کرو اس سے مشکل آسان اور روزی میں برکت ہوتی ہے۔ عمل اگر نفس کی شامت سے گناہ ہو جائے تو توبہ میں دیر مت لگاؤ اگر پھر ہو جاء پھر جلدی توبہ کرو۔ یوں مت سوچو کہ جب توبہ ٹوٹ جاتی ہے تو پھر ایسی توبہ سے کیا فائدہ۔ عمل بعضی دعائیں خاص خاص وقت پڑھی جاتی ہیں۔ سوتے وقت یہ دعا پڑھو۔ اللہم باسمک اموت واحی جاگتے وقت یہ دعا پڑھو الحمد للہ الذی احیانا بعد ما اماتنا والیہ النشور صبح کو یہ دعا پڑھو۔ اللہم بک اصحبنا و بک امسینا وبک نحیی وبک نموت والیک النشور شام کو یہ دعا پڑھو اللہم بک امسینا و بک اصبحنا وبک نحیی وبک نموت والیک النشور کھانا کھا کر یہ دعا پڑھو الحمدللہ الذی اطعمنا وسقانا وجعلنا من المسلمین وکفانا واوانا۔ بعد نماز صبح اور بعد نماز مغرب اللہم اجرنی من النار سات بار پڑھو اور بسم اللہ الذی لا یضر مع اسمہ شی فی الارض ولا فی السماء وہو السمیع العلیم تین بار پڑھو۔ سواری پر بیٹھ کر یہ دعا پڑھو۔ سبحان الذی سخرلنا ہذا وما کنا لہ مقرنین وانا الی ربنا لمنقلبون۔

کسی کے گھر کھانا کھاؤ تو کھا کر یہ بھی پڑھو اللہم بارک لہم فیما رزقتہم واغفرلہم وارحمہمچاند دیکھ کر یہ دعا پڑھو اللہم اہل علینا بالامن والایمان والسلامۃ والاسلام ربی وربک اللہ۔ کسی مصیبت زدہ کو دیکھ کر یہ دعا پڑھو۔ اللہ تعالی تم کو مصیبت سے محفوظ رکھیں گے۔ الحمد للہ الذی عافانی مما ابتلاک بہ فضلنی علی کثیر ممن خلق تفصیلا دولہا دولہن کو نکاح کی مبارک تو دو تو اس طرح کہو بارک اللہ لکما وبارک علیکما وجمع بینکما فی خیر۔ جب کوئی مصیبت آئے تو یہ دعا پڑھا کرو۔ یا حی یاقیوم برحمتک استغیث پانچوں نمازوں کے بعد اور سوتے وقت یہ چیزیں پڑھ لیا کرو۔ استغفراللہ الذی لا الہ الاہو الحی القیوم واتوب الیہ تین بار اور لا الا الا اللہ وحدہ لا شریک لہ لہ الملک الحمد وہو شئی لکل شئی قدیر ایک بار اور سبحان اللہ تینتیس بار اور الحمد للہ تینتیس بار اور اللہ اکبر چونتیس بار اور قل اعوذ بربک الفلق اور قل اعوذ برب الناس ایک ایک بار اور آیت الکرسی ایک بار اور صبح کے وقت سورۃ یسین ایک بار اور مغرب کے بعد سورہ واقعہ ایک بار اور عشاء کے بعد سورہ ملک ایک بار اور جمعہ کے روز سورہ کہف ایک بار پڑھ لیا کرو اور سوتے وقت امن الرسول بھی سورت کے ختم تک پڑھ لیا کرو۔ اور قرآن شریف کی تلاوت روز کیا کرو جس قدر ہو سکے۔ اور یاد رکھو کہ ان چیزوں کا پڑھنا ثواب ہے نہ پڑھے تو بھی گناہ نہیں۔