اس زمانے میں ادبا نے تقریباً نثر کی ہر صنف میں داد تحقیق دی اور معیاری کتابیں لکھیں۔  فنون میں سیاسیات، معاشیات، تاریخ، جغرافیہ اور سائنس کے اکثر موضوعات پر ماہرین نے کتابیں شائع کی ہیں۔  نیز تاریخ ادب عربی قبل اسلام اور بعد اسلام پر بہت کام ہوا۔  جُرجی زیدان نے جس کام کی ابتدا کی تھی عصر حاضر کے ادبا نے اسے کمال تک پہنچایا۔  اس فن میں محمود مصطفیٰ، احمد حسن الزیات، حناالفاخوری، احمد الاسکندری، ڈاکٹر طٰہٰ حسین، ڈاکٹر شقی ضیف، ڈاکٹر سہیر القلماوی اور بنت الشاطی نے جو کام کیے ہیں ان سے عربی ادب کے تمام گوشے روشن ہو گئے ہیں۔  اسلام سے پہلے عربوں اور عربی زبان کی تاریخ پر ڈاکٹر جواد علی عراقی نے تاریخ العرب قبل الاسلام، کی متعدد جلدیں لکھ کر اس موضوع میں بیش بہا اضافہ کیا ہے۔  عربوں کی تہذیبی و تمدّنی تاریخ پر احمد امین مصطفیٰ صادق الرافعی اور ڈاکٹر طٰہٰ حسین نے معیاری کتابیں لکھ کر اس کو مکمل کر دیا۔