مرزا اسرار بیگ سعودیہ سے دینی سکالر،دانش ور

اللہ کے راستے کی دعوت کے حوالے سے سورہ نحل کی آیہ 125 میں داعی کیلئے تبلیغ کا کام کرنے کی تین ڈائی مینشن مقرر ہیں، موعظہ حسنہ (احکام الٰہیہ کی طرف رہنمائی)، حکمت (احکام الٰہیہ کا مقصد) اور احسن طریقے سے جدال (دلائل و براہین کے ذریعے باطل کی تردید اور اسلامی احکام کا اثبات) دنیا کے ہر فرد پر ان میں سے ایک نہ ایک پہلو اپنا اثر چھوڑتا ہے اور ہر داعی ان میں سے کسی نہ کسی پہلو کا مکلف ضرور ہوتا ہے۔ تاریخ شاہد ہے کہ ماضی میں موعظہ حسنہ تو بہت ہوتا رہا، جدال کا حق بھی احمد دیدات،ڈاکٹر ذاکر نائیک اور ایسے کئی لوگ ادا کرنے کی کوشش کرتے رہے لیکن حکمت کی طرف کچھ قابل ذکر توجہ نہ ہوئی اور اس خلا کے نتیجے میں بعض زبان دراز ایسے اعتراض بھی کرتے رہے جن کے جواب میں اسلامی تعلیمات کی حکمت اور ان کا مقصد اس طرح بیان کرنا لازم تھا جو ایک منطقی انداز میں سوچنے والے جدید ذہن کو مطمئن کر سکے، لیکن ایسا ہو نہ سکا اور کوئی بھی دعوت غیر متوازن ہونے کی وجہ سے بحیثیت مجموعی معاشرے پر اثر انداز نہ ہو سکی۔ یہ کتاب میری رائے میں توازن کے اسی خلا کو پورا کرنے کی ایک کوشش ہے۔