اسکول میں بچوں کے داخلے نہیں ہو رہے تھے اس لئے اسکول کے اساتذہ بچوں کا داخلہ کروانے آس پاس کے علاقوں میں نکل پڑے۔ والدین و سرپرست حضرات سے اپنے بچوں کو مادری زبان میں تعلیم دلوانے کی پیش کش کرنے لگے اس ضمن میں انھوں نے طرح طرح کی تاویلیں بھی پیش کیں۔ علاوہ ازیں اپنی اسکول کی تعریف میں زمین آسمان کے قلابے ملا دیئے۔ والدین اُن کی باتیں غور سے سنتے رہے پھر ایک بچہ کے والد نے آگے بڑھ کر اُن سے پوچھا۔

" اساتذہ صاحبان۔۔ ابھی آپ نے باتوں باتوں میں اپنی اسکول کو شہر کا بہترین اسکول قرار دیا اس لئے یقیناً آپ تمام کے بچّے بھی آپ ہی کی اسکول میں تعلیم حاصل کر رہے ہوں گے۔۔"

تمام اساتذہ خاموش تھے اور اُن کے سر شرمندگی کے بوجھ سے جھکے ہوئے تھے کیونکہ اُن تمام کے بچے مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنے کی بجائے شہر کی مختلف انگلش میڈیم اسکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے تھے۔!!