چنٹو رو رہا تھا شاید اُسے بھوک لگی تھی۔ میں نے اسکی امّی کو آواز دی۔

"چنٹو کو خاموش کراؤ میں نیوز نہیں سن پا رہا ہوں۔"

اسکی امی آئی اور دور پڑے کھلونا کو اسکے ہاتھوں میں تھما کر چلی گئی۔

چنٹو اب خاموش ہو چکا تھا۔ مجھے نیوز ریڈر کی آواز صاف سنائی دے رہی تھی۔

وہ کہہ رہا تھا "اب دیش میں بہت جلد خوشحالی آئے گی کیونکہ تمام پارٹیوں نے کسانوں کو فصلوں کے اچھے دام غریبوں کو روٹی، کپڑا، مکان اور مفت تعلیم دینے کے وعدے کئے ہیں۔"

دوسری خبر تھی

الیکشن آفیسر نے کہا ہے "الیکشن چار ماہ بعد ماہ ِاکتوبر میں ہونے کے امکانات ہیں۔"

چنٹو ہاتھ میں کھلونا پکڑے پھر رونے لگا تھا۔

شاید اُسے سچ مچ بھوک لگی تھی!!