گاؤں کے لوگ بہت خوش تھے۔ اُن کے گاؤں کا لڑکا وزیر بن چُکا تھا۔ وزیر بنتے ہی اُس نے اپنے گاؤں جا کر وہاں کے لوگوں کے حالات جاننے اور وہاں ایک عام سبھا لے کر گاؤں کا وکاس کرنے کا بھی اعلان کیا۔ اس اعلان کے بعد گاؤں کے لوگوں نے اپنے وزیر کی آمد پر استقبال کے لیے زور و شور سے تیاریاں شروع کر دیں۔ حکومت کے ذمہ داران بھی وہاں پہنچے۔ گاؤں اور گاؤں کے باہر کا جائزہ لے کر عام سبھا کے لئے میدان تیار کرنے کا حکم دے دیا۔

دوسرے دن سینکڑوں مزدور گاؤں کے باہر گھنے جنگل کو کاٹ کر چٹیل میدان میں تبدیل کرنے لگے تاکہ منتری جی کی عام سبھا میں زیادہ سے زیادہ لوگ شریک ہوں اور وکاس کے کاموں کا اعلان کیا جا سکے!!