اُن کی محکمہ تعلیمات میں آفیسر کی حیثیت سے ترقی ہوئی تھی دو روز بعد انھوں نے آفس کے ٹیبل پر رکھے فائلوں کا جائزہ لیا، چند فائلوں پر دستخط کرنے کے بعد انھوں نے اپنے متعلقہ کلرک کو بُلا کر کہا۔ "میں ان فائلوں پر دستخط نہیں کروں گا، تم اُن لوگوں سے کہہ دو کہ میں قانون کے دائرے میں رہ کر ہی کام کرنے کا عادی ہوں"۔ یہ سن کر کلر ک مایوس ہو کر کیبن سے باہر آگیا۔

دوسرے دن صاحب اُداس نظر آئے تو کلرک نے اُداسی کی وجہ پوچھی۔

صاحب نے کہا، "میری بیٹی کے لیے رشتہ آیا ہے لڑکا اچھا ہے لیکن وہ لوگ پچاس ہزار نقد مانگ رہے ہیں۔مگر میرے پاس"

وہ کہتے کہتے رُک گیا۔

پھر کلرک نے سر گوشی والے انداز میں صاحب سے گفتگو کی۔

دوسرے دن سبھی فائلوں پر صاحب کی دستخط ہو چکی تھی اور صاحب نے اپنی بیٹی کی شادی کی تیاری کے لئے محکمہ سے ایک ماہ کی رخصت بھی لے لی تھی۔