یوں ہاتھ نہیں آتا وہ گوہر یک دانہ
یک رنگی و آزادی اے ہمت مردانہ

یا سنجر و طغرل کا آئین جہاں‌گیری
یا مرد قلندر کے انداز ملوکانہ

یا حیرت فارابی یا تاب و تب رومی
یا فکر حکیمانہ یا جذب کلیمانہ

یا عقل کی روباہی یا عشق یداللہی
یا حیلہ افرنگی یا حملہ ترکانہ

یا شرع مسلمانی یا دیر کی دربانی
یا نعرہ مستانہ کعبہ ہو کہ بت خانہ

میری میں فقیری میں شاہی میں غلامی میں
کچھ کام نہیں بنتا بے جرأت رندانہ