جلوہ آنکھوں پہ چھا گیا کس کا؟
شوق، دل میں سما گیا کس کا؟

صورت آنکھوں میں کھب گئی کس کی؟
نقش دل کو لُبھا گیا کس کا؟

پھر کٹی ساری رات آنکھوں میں
جلوہ پھر یاد آ گیا کس کا؟

میرے دل سے بُھلا گیا سب کچھ
یہ خیال آہ، آ گیا کس کا؟

شوق ہے پھر بھی دیکھنے کا اُسے
شوق، مجنوں بنا گیا کِس کا؟

یاد سب کچھ بُھلا گئی کِس کی؟
دھیان سب کچھ بُھلا گیا کِس کا؟

کِس سے مِلنے کی ہیں یہ تدبیریں
دل میں ارماں سما گیا کِس کا؟

دل میں لی پِھر حیا نے چُٹکی سی
لب پہ پِھر نام آ گیا کِس کا؟

بیٹھے بٹھلائے رو دئیے اختر
دھیان اِس وقت آ گیا کِس کا؟

مطبوعہ "رومان" لاہور مئی 1936ع