عرضِ ناشر

بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم

(طبع پنجم)


انت ترید وانا اُرید
لٰکن اﷲ یفعل ما یُرید

ہم اور آپ مختلف خواہشات اور آرزؤں کو پیش نظر رکھتے ہوئے سرگرم عمل ہوتے ہیں البتہ ہوتا وہی ہے جو مشیت ایزدی میں مقدر ہو. اگست 2009 ء کی کوئی شام تھی، قرآن اکیڈمی ڈیفنس کراچی میں بانیٔ محترمؒ سے ایک اسکیم کے تحت تفصیلی ملاقات رہی. اس میٹنگ کا ایجنڈا اصلاً بانی محترمؒ کے لٹریچر کی از سر نو مجلّد طباعت تھا اور ساتھ ہی غیر مطبوعہ بیانات ولیکچرز کو کتابی صورت میں شائع کرنے کا ایک طویل الذیل اوروسیع الاطراف منصوبہ زیر گفتگو آیا. حضرت ڈاکٹر صاحبؒ نے اس اسکیم سے اتفاق کا اظہار فرمایا اور ساتھ ہی یہ بھی ارشاد فرمایا کہ ’’یہ کام تو ہونا ہی ہے اور اچھا ہے کہ میری زندگی میں شروع ہوجائے البتہ اس کی تکمیل میرے بعد ہی ہوسکے گی اور اللہ کے ہاں ہر کام کے لئے وقت معین ہوتا ہے.‘‘ 
13 اور 14 اپریل 2010ء کی درمیانی شب یہ عظیم المرتبت خادم قرآن جہانِ فانی سے رحلت فرماگئے اور ہم یہی کہہ سکتے ہیں کہ ؎ قلندر ہرچہ گوید دیدہ گوید. 
انا للّٰہ وانا الیہ راجعون. 

تاہم اس بات پر ہمیں اطمینان ہے کہ اس طویل المیعاد پروجیکٹ کا آغاز استادِ محترمؒ کے سامنے ہوچکا تھا اور منتخب نصاب جلد اول کا پہلا ایڈیشن آپ کی نگاہوں کے سامنے زیورِ طباعت سے آراستہ ہوکر آپؒ کے اطمینان کا باعث بنا.
پہلا ایڈیشن الحمدللہ ہر اعتبار سے سراہا گیا اور پاکستان ہی نہیں بلکہ بیرونِ ملک بھی ہاتھوں ہاتھ لیا گیا. 
مطالعۂ قرآنِ حکیم کے منتخب نصاب کی جلد دوم جو اس سلسلے کے بقیہ تین حصوں یعنی مباحثِ تواصی بالحق، مباحثِ تواصی بالصبر اور جامع سبق پر مشتمل ہے الحمدللہ طبع ہوکر آچکی ہے اور اس طرح ذاتِ باری تعالیٰ کی توفیق وتیسیر سے منتخب نصاب کے ان مختصر دروس کی اشاعت کا کام دو جلدوں میں مکمل ہوگیا.
ہم اللہ کے حضور شکروسپاس بجا لاتے ہیں کہ اس وقت آپ کے ہاتھوں میں منتخب نصاب جلد اول کا پانچواں ایڈیشن ہے. پہلے دو ایڈیشن آٹھ ماہ کی قلیل مدت میں ختم ہوگئے اور اسی طرح تیسرا اور چوتھا ایڈیشن تنظیم اسلامی اور انجمن خدام القرآن کے آراستہ ہونے والے مکتبوں کی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے شائع کئے گئے اور اب پانچواں ایڈیشن شائع کیا جارہا ہے.
شعبۂ مطبوعات، انجمن خدام القرآن سندھ کراچی کے پیش نظر مستقبل میں علومِ قرآنی کی وسیع پیمانے پر نشر واشاعت کے لئے بہت سے منصوبے ہیں. دعا فرمائیں کہ اللہ تبارک وتعالیٰ ان میں برکت عطاء فرمائے، حضرت ڈاکٹر صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے لئے صدقۂ جاریہ بنائے اور جن افراد نے اس کام میں تعاون فرمایا ہے اُن کو بھرپور اجر عطاء فرمائے. آمین ثم آمین
ناظم، شعبۂ مطبوعات
قرآن اکیڈمی یاسین آباد کراچی 

14/جُمادیٰ الاولیٰ ۱۴۳۳ھ بمطابق7اپریل 2012ء