سب سے پہلے نازل ہونے والی مکمل سورت

پہلی بات یہ ہے کہ یہ سب سے پہلی مکمل سورت ہے جو نبی اکرم پر نازل ہوئی. اس سے قبل متفرق آیات نازل ہوئیں. مثلاً وہ پانچ آیات جو سورۃ العلق کی ابتداء میں شامل ہیں. اور اس پر تقریباً اجماع ہے کہ وہ سب سے پہلی وحی ہے. اکثر محققین کے نزدیک دوسری وحی وہ سات آیات ہیں جو سورۂ ’’ن‘‘ (جس کا دوسرا نام سورۃ القلم بھی ہے) کے آغاز میں شامل ہیں. تیسری وحی سورۃ المزمل کی ابتدائی سات آیات ہیں اور چوتھی وحی سورۃ المدّثر کی ابتدائی سات ہی آیات ہیں‘ جبکہ پانچویں وحی جو محمد رسول اللہ پر نازل ہوئی وہ یہ سورۃ الفاتحہ ہے جو پہلی مکمل سورت ہے. پھر حسن اتفاق دیکھئے کہ یہ سورۂ مبارکہ بھی سات ہی آیات پر مشتمل ہے.