دوسری قابلِ غور بات اِن آیات کا موضوع ہے. ان آیات کے لیے موزوں عنوان ’’ترکیبِ ایمان‘‘ ہے. یعنی یہ کہ ایمان کیسے وجود میں آتا ہے اور ایمانیاتِ ثلاثہ یعنی ایمان باللہ‘ ایمان بالآخرۃ اور ایمان بالرسالت میں باہمی ربط اور ترتیب کیا ہے‘ اور خاص طور پر یہ کہ ایمان کے ضمن میں قرآن کا اپنا مخصوص طرزِ استدلال کیا ہے! وہ کس انداز اور اسلوب سے ایمان باللہ کی دعوت دیتا ہے اور کن دلائل سے معاد یعنی آخرت کا اثبات کرتا ہے. پھر یہ کہ اس ایمان کے نتیجے میں انسانی شخصیت میں کیا کیفیات پیدا ہونی چاہئیں. یہ نہایت اہم موضوع ہے‘ اس لیے کہ کون نہیں جانتا کہ ہمارے دین کی جڑ اور بنیاد ایمان ہی ہے. لہذا آگے بڑھنے سے قبل مناسب ہے کہ ایمان کے بارے میں چند بنیادی امور ذہن نشین کر لیے جائیں.