جمع قرآن کے ضمن میں دوسرا بڑا وسوسہ اور مغالطہ آیات اور سورتوں کی باہمی ترتیب سے متعلق ہے‘ جس کے ازالے کے لیے اوّلاً تو لفظ ’’جَمۡعَہٗ ‘‘ ہی میں واضح اشارہ موجود ہے‘ اس لیے کہ یہ ایک بدیہی امر ہے کہ قرآن کا جمع ہونا بغیر ترتیب کے ممکن نہیں ہے. ثانیاً اس کی مزید وضاحت و صراحت دوسرے لفظ یعنی ’’قُرۡاٰنَہٗ ‘‘ کے ذریعے کر دی گئی‘ جس کا ترجمہ ’’اس کا پڑھنا‘‘ بھی کیا جا سکتا ہے اور’’اس کاپڑھوانا‘‘ بھی. لیکن اگر اس اصول کو پیشِ نظر رکھا جائے کہ ’’قرآن کا ایک حصہ دوسرے حصے کی تفسیر و توضیح کرتا ہے‘‘ تو سورۃ الاعلیٰ کی آیت سَنُقۡرِئُکَ فَلَا تَنۡسٰۤی ۙ﴿۶﴾ ’’ہم عنقریب آپ کو پڑھوا دیں گے تو آپ بھولیں گے نہیں‘‘ کے مطابق یہاں بھی زیادہ موزوں ترجمہ ’’پڑھوانا‘‘ ہی ہو گا. چنانچہ اگلی آیت مبارکہ : فَاِذَا قَرَاۡنٰہُ فَاتَّبِعۡ قُرۡاٰنَہٗ ﴿ۚ۱۸﴾ ’’تو جب ہم اسے پڑھوائیں تو آپ اسی پڑھوانے کی پیروی کریں‘‘ مزید دلالت کر رہی ہے کہ یہاں زیادہ زور اور تاکید ترتیب قرآنی کے بارے میں ہے‘ اس لیے کہ اوّلاً پڑھوانا لامحالہ کسی ترتیب ہی کے ساتھ ممکن ہے اور ثانیاً نبی اکرمﷺ کو اسی ترتیب کی پابندی اور پیروی کا حکم دیا گیا ہے.
’’قُرۡاٰنَہٗ ‘‘ میں جو ضمیر فاعلی جمع متکلم کے صیغہ میں موجود ہے اس کے بارے میں اگرچہ دو احتمالات موجود ہیں‘ یعنی ایک یہ کہ اس کا مرجع اللہ تعالیٰ کی ذات ہو اور دوسرے یہ کہ حضرت جبرائیل علیہ السلام ہوں‘ لیکن ازروئے آیاتِ قرآنی: مَنۡ یُّطِعِ الرَّسُوۡلَ فَقَدۡ اَطَاعَ اللّٰہَ ۚ (النساء:۸۰) ’’جو رسول کی اطاعت کرتا ہے اس نے اصلاً اللہ ہی کی اطاعت کی‘‘ اور: اِنَّ الَّذِیۡنَ یُبَایِعُوۡنَکَ اِنَّمَا یُبَایِعُوۡنَ اللّٰہَ ؕ (الفتح:۱۰) ’’یقینا جو لوگ (اے نبیﷺ !) آپ سے بیعت کر رہے ہیں وہ درحقیقت اللہ سے بیعت کر رہے ہیں‘‘.ان دونوں احتمالات سے معنی اور مراد میں کوئی فرق واقع نہیں ہوتا. گویا فی الحقیقت تو اس پڑھوانے کا فاعل حقیقی اللہ سبحانہ وتعالیٰ خود تھا‘ لیکن مجازاً یا بالفعل یہ پڑھوانا حضرت جبرائیل ؑکا فعل تھا.چنانچہ احادیث صحیحہ سے ثابت ہے کہ آنحضورﷺ ہر رمضان مبارک میں حضرت جبرائیل علیہ السلام کے ساتھ قرآن کا دور فرمایا کرتے تھے اور اپنی حیاتِ دُنیوی کے آخری رمضان المبارک میں آپﷺ نے پورے قرآن کا دو مرتبہ دَور مکمل کیا. اور ظاہر ہے کہ نہ آپﷺ کا یہ دَورۂ قرآن کسی ترتیب کے بغیر ممکن تھا‘ نہ ہی آپﷺ کے صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین ‘میں سے جو حضرات پورے قرآن کے حافظ تھے وہ بغیر کسی ترتیب کے حفظ کر سکتے تھے.
غرضیکہ عقلاً اور نقلاً ہر اعتبار سے یہ بات مسلّم ہے کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کو ایک خاص ترتیب سے نبی اکرمﷺ کے سینہ ٔ مبارک میں جمع کیا اور اسی ترتیب کے ساتھ آنحضورﷺ نے اُمت کو قرآن سکھایا اور یاد کرایا ‘اور امانت ِ خداوندی کو کامل دیانت کے ساتھ اُمت کے حوالے کر دیا‘ جیسے کہ آپؐ نے خطبہ حجۃ الوداع میں ارشاد فرمایا:
قَدْ تَرَکْتُ فِیْکُمْ مَا لَنْ تَضِلُّوْا بَعْدَہٗ اِنِ اعْتَصَمْتُمْ بِہٖ : کِتَابُ اللّٰہِ (۱)
’’میں چھوڑ کر جا رہا ہوں تمہارے مابین وہ چیز جسے اگر تم مضبوطی سے تھامے رہے تو اس کے بعد کبھی گمراہ نہ ہو گے‘ یعنی اللہ کی کتاب.‘‘