اہم خبروں کی چھان پھٹک اور نزاع کی صورت میں صلح کرانے کا حکم


جیسا کہ اس سے قبل عرض کیا جا چکا ہے کہ مسلمانوں کی حیاتِ ملی کی شیرازہ بندی کو مستحکم رکھنے کے لیے چند نہایت اہم احکام ہیں جو سورۃ الحجرات میں وارد ہوئے ہیں. مسلمانوں کی حیاتِ ملی یا ہیئت اجتماعیہ کی جو دو بنیادیں ہیں ان کی نشاندہی بھی ہو چکی ہے. ایک دستوری‘ آئینی و قانونی بنیاد جس پر نظامِ حکومت قائم ہوتا ہے. دوسری وہ جذباتی بنیاد جس سے تمدن اور تہذیب و ثقافت وجود میں آتی ہے اب اس ہیئت اجتماعیہ کی شیرازہ بندی کو مضبوط رکھنے کے لیے دو احکام زیرِ مطالعہ آیات میں وارد ہوئے ہیں اور یہ دونوں احکام نہایت اہم ہیں.