واقعۂ معراج کی حقیقت و اہمیت

اس واقعہ کی حقیقت کیا ہے! اس کی اہمیت کیا ہے! اس موضوع پر گفتگو کرنے کے ضمن میں سب سے پہلے ہمیں یہ معین کرنا ہوگا کہ اس واقعہ کے ہم تک پہنچنے کے ذرائع (sources) کیا ہیں! ظاہر بات ہے کہ ہمارے لیے کسی بھی ضمن میں مرجع ِاوّل اور اوّلین بنیاد قرآن مجید ہے. قرآن حکیم میں واقعۂ معراج کا ذکر دو مقامات پر صراحت کے ساتھ آیا ہے. اس میں نہ کسی اشارے‘ کنائے‘ رمز یا ایماء کا انداز ہے اور نہ کوئی ابہام و ایہام ہے‘ بلکہ صراحت کے ساتھ واضح الفاظ میں اس واقعے کا ذکر ہے. اس سفرِ مبارک کے دو حصے ہیں. ایک حصہ زمینی ہے یعنی مسجد حرام سے مسجد اقصیٰ تک‘ اور دوسرا حصہ آسمانی ہے یعنی مسجد اقصیٰ سے سدرۃ المنتہیٰ تک. چنانچہ قرآن مجید میں دو مقامات پر اس واقعہ کے دونوں حصوں کو جدا جدا بیان کیا گیا ہے. 

سورۃ بنی اسرائیل کی پہلی آیت میں‘ جو پندرھویں پارے کی بھی پہلی آیت ہے‘ اس زمینی سفر کا ذکر ہے: سُبْحٰنَ الَّذِیْٓ اَسْرٰی بِعَبْدِہٖ لَیْلاً مِّنَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ اِلَی الْمَسْجِدِ الْاَقْصَا ’’پاک ہے وہ ذات جو لے گئی راتوں رات اپنے بندے کو‘ شب کے ایک حصے میں‘ مسجدِ حرام سے مسجد اقصیٰ تک‘‘ الَّذِیْ بٰرَکْنَا حَوْلَہٗ’’جس کے ماحول (گرد و پیش) کو ہم نے مبارک بنایا‘‘ لِنُرِیَہٗ مِنْ اٰیٰتِنَاط ’’تاکہ ہم دکھائیں اسے ( ) اپنی نشانیوں میں سے کچھ نشانیاں‘‘. اِنَّہٗ ہُوَ السَّمِیْعُ الْبَصِیْرُ ’’یقینا سب کچھ سننے والا اور سب کچھ دیکھنے والا تو صرف وہ (تبارک و تعالیٰ) ہے.‘‘

جیسا کہ میں نے ابھی عرض کیا‘ یہ سورۂ بنی اسرائیل کی پہلی آیت ہے. نوٹ فرما لیں کہ اس سورۂ مبارکہ کا دوسرا نام سورۃ الاسراء بھی ہے‘ بلکہ عرب ممالک میں جو قرآن مجید طبع ہوتے ہیں ان میں اسے ’’سورۃ الاسراء‘‘ کے نام سے ہی موسوم کیا جاتا ہے. 

اس سفر مبارک کا جو آسمانی حصہ ہے‘ اس کا ذکر سورۃ النجم میں ہے. تو جیسا کہ میں نے عرض کیا‘ اس واقعہ کے وقوع پذیر ہونے کی اطلاع خود قرآن سے ملتی ہے جو ہمارے لیے مرجع اوّل ہے‘ اس حوالے سے یہ بات جان لیجئے کہ چونکہ اس واقعہ کی بنیاد صرف احادیث ہی پر مبنی نہیں ہے بلکہ قرآن مجید میں بھی بصراحت اس کا ذکر ہے‘ لہذا اس کا انکار کفر ہوگا‘ اگرچہ توجیہہ اور تاویل کے اعتبارات سے الفاظِ قرآنی میں جس حد تک گنجائش ہو اس حد تک اگر کوئی اختلاف ہو تو اسے کفر نہیں سمجھا جائے گا. 

اس واقعہ کے ضمن میں ہمارے لیے مرجع ِ ثانی احادیث ِنبویہؐ ہیں. ہمارے دین کے یہ دو بنیادی ماخذ ہیں‘ قرآن و حدیث. انہی کو اصطلاحاً کتاب و سنت بھی کہا جاتا ہے. یہ معروف بات ہے کہ احادیث میں درجہ بندی ہے. سند کے اعتبار سے قوی ترین احادیث وہ ہیں جو صحیحین یعنی صحیح بخاری اور صحیح مسلم میں ہیں. ان میں سے بھی وہ احادیث جو ان دونوں میں موجود ہوں ‘یعنی جن کی صحت پر یہ دونوں امام متفق ہوگئے ہوں‘ وہ اپنی سند کے اعتبار سے قرآن مجید کے آس پاس پہنچ جاتی ہیں.

اس وضاحت کے بعد یہ بات جان لیجئے کہ اگرچہ ایسی احادیث کی تعداد کثیر ہے جن میں مختلف تفاصیل مذکور ہیں‘ تاہم نوٹ کرنے والی بات یہ ہے کہ کم از کم اٹھائیس صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین سے یہ واقعہ مروی ہے. چونکہ ایک ہی روایت کئی کئی صحابہؓ سے مروی ہے اس اعتبار سے روایات کی تعداد تو اٹھائیس سے بھی بڑھ جائے گی ‘لیکن ان صحابہ کی تعداد اٹھائیس ہے جن سے واقعۂ معراج کا ذکر تفصیلاً یا اجمالاً مروی ہے. پھر ان میں ایک بڑی مفصل ّروایت وہ بھی ہے جو متفق علیہ ہے. یعنی احادیث کے اس طبقے سے تعلق رکھتی ہے کہ جن کے بارے میں شک و شبہ کی گنجائش بہت ہی کم رہ جاتی ہے‘ بلکہ صحیح تر بات یہ ہوگی کہ معدوم کے درجے میں آجاتی ہے. اس متفق علیہ حدیث میں جو تفاصیل آئی ہیں‘ انہیں ہمیں مِن وعن ماننا ہوگا.