’’حقیقت و اقسامِ شرک‘‘ کے اِس مفصل سلسلۂ گفتگو کے تحت گزشتہ نشست میں ہم نے شرک کی معین کردہ اقسام میں سے تیسری اور آخری قسم ’’شرک فی الحقوق‘‘ یا بالفاظِ دیگر ’’شرک فی العبادت‘‘ پر گفتگو کی تھی اور ’’عبادت‘‘ کے دو اجزائے ترکیبی ’’اطاعت‘‘ اور ’’محبت‘‘ کے حوالے سے مَیں نے اصولی اور بنیادی باتیں بیان کر دی تھیں.اِس ضمن میں انفرادیت سے لے کر اجتماعیت کی بلند ترین چوٹی یعنی ’’ریاست‘‘ کی الگ الگ مثالیں بیان کرنے کے بعد عرض کیا گیا تھا کہ انہی پرقیاس کرتے ہوئے درمیانی خلاء کو آپ خود پُرکر لیجیے. لیکن حاضرین کی جانب سے بعض سوالات کی بناپر میرے ذہن میں یہ خیال آیا کہ اس موضوع پر بعض باتوں کی مزید وضاحت ضروری اور سودمند ہے.