شرکیہ اعمال کرنے والوں پر مشرک کا فتویٰ؟


اس ضمن میں ایک بہت بڑا مسئلہ یہ بھی سمجھ لیجیے کہ ہمارے ہاں بعض لوگ ایسے ہیں کہ اُن کی روحِ توحیدی جب زیادہ بیدار ہو جاتی ہیں تو وہ مشرک کا فتویٰ لگانے کے لیے بڑے بیتاب ہوتے ہیں کہ فلاں بھی مشرک اور فلاں بھی مشرک. یہ بہت بڑا فتنہ ہے. صحیح طرزِ عمل یہ ہے کہ ہر چیز کا تجزیہ کر کے بتا دیا جائے کہ یہ شرک ہے‘ لیکن کرنے والے کو مشرک ہرگز نہ کہا جائے. مثال کے طور پر دیکھئے کہ قرآن مجید نے جہاں بُت پرستوں کو مشرک قرار دیا ہے وہاں اہل کتاب کو مشرک قرار نہیں دیا. ان کا شرک بیان کیا ہے‘ لیکن ان کی کیٹیگری جدا رکھی ہے. آخری وقت تک بھی یہ دو کیٹیگریز علیحدہ علیحدہ رہی ہیں.قرآن حکیم میں فرمایا گیا ہے: 
اِنَّ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا مِنۡ اَہۡلِ الۡکِتٰبِ وَ الۡمُشۡرِکِیۡنَ فِیۡ نَارِ جَہَنَّمَ خٰلِدِیۡنَ فِیۡہَا ؕ (البیّنۃ:۶’’یقینا جن لوگوں نے کفر کیا اہل کتاب میں سے اور مشرکین میں سے وہ جہنم کی آگ کے مستحق ہیں اور وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے‘‘.معلوم ہوا کہ مشرکین میں سے کفار اور اہل کتاب میں سے کفار یہ دو علیحدہ کیٹیگریز ہیں.ایک مسلمان کفارِ اہل کتاب کی لڑکیوں سے شادی کر سکتا ہے‘ لیکن کفار ِ مشرکین کی لڑکیوں سے شادی نہیں کر سکتا. شریعت کے اندر یہ فرق ہے. اللہ تعالیٰ نے ان کے لیے تو نام ہی رکھاہے ’’مشرک‘‘.

جبکہ اہل کتاب اگرچہ شرک میں ملوث ہیں‘ ازروئے الفاظِ قرآنی:اِتَّخَذُوۡۤا اَحۡبَارَہُمۡ وَ رُہۡبَانَہُمۡ اَرۡبَابًا مِّنۡ دُوۡنِ اللّٰہِ (التوبۃ:۳۱اور : وَ قَالَتِ الۡیَہُوۡدُ عُزَیۡرُۨ ابۡنُ اللّٰہِ وَ قَالَتِ النَّصٰرَی الۡمَسِیۡحُ ابۡنُ اللّٰہِ ؕ (التوبۃ:۳۰’’یہودیوں نے کہا عزیر اللہ کا بیٹا ہے اور نصاریٰ نے کہا مسیح (عیسیٰ علیہ السلام) اللہ کا بیٹا ہے‘‘. تو اللہ تعالیٰ نے ان کا شرک تو بیان کیا ہے لیکن ان کو مشرک قرار نہیں دیا. چنانچہ قرآن مجید سے اس انداز سے کسبِ ہدایت کرنے کی ضرورت ہے. مجھے یقین ہے کہ کوئی بھی مسلمان جس نے مسلمان ماں کا دودھ پیا ہے اور اس کی جو ایک ذہنی ساخت بنی ہوئی ہے اور جس مٹی سے اس کا خمیر اٹھا ہے وہ جان بوجھ کر شرک نہیں کر سکتا. یہ سب مغالطے اور گمراہیاں ہیں‘ ناسمجھی اور غلو ہے. تو اِن گمراہیوں کی نفی کیجیے‘ انہیں واضح کیجیے‘ ہدایت کو عام کیجیے اور اس میں مداہنت ہرگز نہ کیجیے‘ لیکن ایسے لوگوں پر شرک کے فتوے لگا کر اُن سے اپنے آپ کو کاٹ لینا یا اُن کو خود سے کاٹ دینا‘یہ نہ تو قرآن مجید کی روح کے مطابق ہے اور نہ ہی محمدٌ رسول اللہ کے اُسوہ کے مطابق ہے. شرک کو بیان کرنے میں مداہنت نہ کی جائے ‘لیکن جس شخص کے اعمال میں شرک کی آمیزش نظر آ جائے اُس پر گرامر کا قانون لاگو کرتے ہوئے اسے مشرک نہ کہہ دیا جائے. 

اسی طرح کفر کا معاملہ ہے. اگر احادیث نبویؐ کی روشنی میں تجزیہ کریں گے تو معلوم ہو گا کہ جس نے ایک نماز بھی ترک کی اُس نے کفر کیا. حدیث نبویؐ ہے : 
اَلصَّلَاۃُ عِمَادُ الدِّیْنِ (۱’’نماز دین کا ستون ہے‘‘. اور: مَنْ تَرَکَ الصَّلَاۃَ مُتَعَمِّدًا فَقَدْ کَفَرَ جِھَارًا (۲’’جس نے جان بوجھ کر (بغیر کسی شرعی عذر کے) نماز کو ترک کر دیا وہ علانیہ کفر کر چکا.‘‘مزید برآں صحیح مسلم کی حدیث ہے: بَیْنَ الرَّجُلِ وَبَیْنَ الشِّرْکِ وَالْکُفْرِ تَرْکُ الصَّلَاۃِ (۳’’آدمی اور کفرو شرک کے درمیان نماز کا معاملہ حائل ہے‘‘. توکیا جس نے ایک نماز چھوڑی اسے کافر کہہ دیا جائے گا؟ اِن چیزوں میں زمین و آسمان کا فرق ہے. جن لوگوں کے اندر جذبۂ توحید اور دینی حمیت بیدار ہو جاتی ہے میں ان کے لیے بھی ہمدردی کے ساتھ یہ بات عرض کر رہا ہوں کہ وہ اپنے خلوص اور (۱) شعب الایمان للحاکم ۳/۱۰۷۷. والمقاصد الحسنۃ للسخاوی : ۳۱۶. عن عمر بن الخطاب ؓ .

(۲) الترغیب والترھیب للمنذری۱/۲۶۱. عن انس بن مالک ؓ . مسند احمد میں اُمّ ایمن رضی اللہ عنہا کی روایت کے الفاظ ہیں: فَاِنَّـہٗ مَنْ تَرَکَ الصَّلَاۃَ مُتَعَمِّدًا فَقَدْ بَرِئَتْ مِنْہُ ذِمَّۃُ اللّٰہِ وَرَسُوْلِہٖ

(۳) صحیح مسلم‘ کتاب الایمان‘ باب بیان اطلاق اسم الکفر علـٰی من ترک الصلاۃ. اخلاص ہی کی وجہ سے حدسے تجاوز کر جاتے ہیں. اس ضمن میں ضرورت اس بات کی ہے کہ شرک کو شرک ضرور کہا جائے‘ لیکن جو مسلمان ہیں اُن کے اُوپر شرک کے فتوے لگا کر اُن کو ایک دوسرے سے علیحدہ کر دینا حکمتِ دین ‘ حکمتِ اصلاح و دعوت اور حکمتِ تبلیغ کے خلاف ہے. 

مذکورہ بالا بحث کی وضاحت کے لیے میں ایک اور مثال دیتا ہوں. دیکھئے چوری ایک پیسہ کی بھی چوری ہے. مسجد سے کوئی تھوڑا سا سامان چرا لیا جائے تو وہ بھی چوری ہے‘ لیکن قطعِ ید کی سزا ہر چوری پر نہیں ہے. ایسا ہرگز نہیں ہے کہ کسی نے ایک روپیہ کسی کا چرا لیا تو اُس کا ہاتھ کاٹ دیا جائے. معاذ اللہ‘ اسلام میں ایسا ظلم نہیں ہے .ایسے ہی مشترک مال میں سے ایک فریق کچھ مال چرا لے تو اُس پر بھی قطعِ ید کی سزا لاگو نہیں ہو گی‘ اس لیے کہ وہ مال چرانے والا خود اس کی ملکیت میں شریک ہے. اسی طرح غیرمحفوظ مال کی چوری پر بھی چور کا ہاتھ نہیں کاٹا جائے گا.چنانچہ جس چوری پر قطعِ ید کی سزا ہے فقہاءِ کرام نے اس کی پوری وضاحت سے تعریف 
(definition) کی ہے. باقی چوریوں پر تعزیر ہے کہ قانون کے تحت کسی کو قید کی سزا دے دی جائے یا کچھ کوڑے مارے جائیں. تو جس طرح ایک پیسہ کی چوری بھی چوری ہے ‘ لیکن جس چوری پر شرعی چوری کا اطلاق ہو گا اور ہاتھ کٹے گاوہ کچھ اور شے ہے. اسی طرح اگر تجزیہ کریں گے تو ہر گناہ شرک ہے‘اس میں کوئی شک نہیں ہے‘ لیکن شرک کا اطلاق ہر گناہ پر نہیں ہو گا. بلکہ اگر وہ کسب میں داخل ہے‘ بڑا گناہ ہے اور مستقل ہو گیا ہے تو وہ یقینا شرک کے درجے کو پہنچ جائے گا .لہذا اس فرق کو ملحوظِ خاطر رکھنا چاہیے! ہر گناہ کا ارتکاب کرنے والا مشرک نہیں ہو جائے گا.

اور اگر کسی مسلمان کا کوئی گناہ شرک کی تمام شرائط پوری کر رہا ہے تو پھر بھی اس پر مشرک کا فتویٰ لگانے کی کیا ضرورت ہے ! اللہ تبارک و تعالیٰ حساب لینے والا موجود ہے. بلکہ اسلامی ریاست کے اندر بھی کسی مسلمان پر مشرک کا فتویٰ نہیں لگے گا. اس میں بھی ’’مسلم‘‘ اور ’’کافر‘‘ دو ہی کیٹیگریز ہیں‘ تیسری کوئی کیٹیگری معین نہیں ہے.یہ تقسیم توہو سکتی ہے کہ فلاں شخص کافر ہے اور فلاں مسلم ہے‘ لیکن کسی کو مشرک قرار دے دینا‘ اس کا فتویٰ کسی قانونِ شرعی کے اندر موجود نہیں ہے.ایسے ہی کسی کو منافق قرار دینا‘ اس کا بھی کوئی فتویٰ قانونِ شریعت میں موجود نہیں ہے.اس دنیا میں کسی کو ہم یہ سند بھی نہیں دے سکتے کہ وہ مؤمن ہے . یہ اللہ ہی جانتاہے کہ کس کے دل میں کتنا ایمان ہے. ہم اس کو زیرِبحث نہیں لا سکتے‘ ہم تو زیر بحث لائیں گے اسلام اور کفر کو. اور تکفیر بھی جان لیجیے کہ انفرادی معاملہ (individual act) نہیں ہے کہ جو شخص چاہے کھڑا ہو کر فتویٰ دے دے کہ فلاں کافر ہے ‘بلکہ یہ اسلامی ریاست کا کام ہے کہ وہ تکفیر کا فیصلہ کرے.اس کو بھی ہمارے ہاں بازیچۂ اطفال بنا لیا گیا ہے. لہذا کسی شخص کے اندر ذرا سا بھی شرک کا شائبہ نظر آ جائے تو اس کو مشرک قرار دے دینا اور اُس کے ساتھ وہ طرزِ عمل اختیار کرنا جو مشرکین کے ساتھ ہے‘یہ سراسر غلو ہے. اس غلو نے ایسی کھینچ تان پیدا کر دی ہے کہ اب فریقین کے مابین میل جول (communication) نہیں رہا. طبقات بالکل جدا ہو گئے ہیں‘ ایک دوسرے کی بات سننے اور سمجھنے کے لیے کوئی تیار ہی نہیں. دیکھئے اگر ہم نے کسی معاملے میں اپنے نفس کی خواہش کو اللہ کے حکم پر مقدم رکھا تو ہم ہرگز پسند نہیں کرتے کہ کوئی ہمیں مشرک قرار دے. اسی طرح ہمیں چاہیے کہ اس طرح کی نرمی اور رعایت (concession) دوسروں کو بھی دیں‘ بلکہ اپنے سے زیادہ دیں.

مختصر یہ کہ شرک کی مذمت لازماً کی جائے‘ اس میں مداہنت ہرگز نہ ہو ‘ لیکن کسی کو مشرک قرار دے کر اُس سے قطع تعلق کر لینا‘ یہ بہت بڑا فتنہ ہے. اس سے کسی بھلائی کی کوئی امید نہیں‘ بلکہ نقصان ہی کا اندیشہ ہے.

اقول قولی ھذا واستغفراللہ لی ولکم ولسائر المسلمین والمسلمات