پاکستان کی اساس اور مصور پاکستان کے نزدیک قیام پاکستان مقصد

ہندوستان کی تقسیم دو قومی نظریے کی بنیاد پر عمل میں آئی تھی اور پاکستان مسلم قومیت کی اساس اور اسلام کے نام پر قائم ہوا تھا. چنانچہ مفکر و مصور پاکستان علامہ اقبال نے بھی اپنے خطبہ الہ آباد میں برعظیم ہندوپاک کے شمال مغربی علاقے پر مشتمل ایک علیحدہ مملکت کے قیام کی تجویز مسلمانوں کے جداگانہ قومیت شخص کی بنیاد پر اور ہندومسلم تنازعے کے مؤثر حل کے طور پر اور اس مقصد کے تحت پیش کی تھی کہ مسلمانانِ ہند کو ایک موقع میسر آجائے کہ وہ اسلام کے نظام عدل اجتماعی (Social Justice) پر جو پردے دور ملوکیت میں پڑ گئے تھے انہیں ہٹا کر سیاسی، معاشی اور معاشرتی عدل و انصاف کے اس نظام کو دوبارہ قائم کر سکیں جو نبی اکرم کی ’’رحمت للعالمینی‘‘ کا اصل مظہر ہے تاکہ پوری نوعِ انسانی کے لیے ہدایت اور سلامتی کا ایک روشن مینار وجود میں آ سکے… اور اسی طرح بانی و معمار پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے بھی فرمایا تھا کہ ہمیں پاکستان اس لیے مطلوب ہے کہ عہد حاضر میں اسلام کے اصولِ حریت و اخوت و مساوات کا ایک عملی نمونہ دنیا کے سامنے پیش کر سکیں.